جمعہ, ستمبر ۱۲, ۲۰۲۵
23.8 C
Srinagar
ہوم بلاگ صفحہ 14

یوکرینی ڈرون حملوں سے روسی ایٹمی پلانٹ میں آگ لگ گئی

ماسکو،:یوکرین کے ڈرون حملوں سے روس کے ایک جوہری پلانٹ اور دیگر پاور پلانٹس میں آگ لگ گئی۔
مقامی حکام نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

علاقائی آپریشنل ہیڈکوارٹر نے کہا کہ کل علی الصبح ایک یوکرینی ڈرون کا ملبہ کرسک نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ایک ٹرانسفارمر پر گرا، جس سے آگ لگ گئی اور پلانٹ کو نقصان پہنچا۔ جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، نیز بتایا گیا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ پلانٹ اور آس پاس کے علاقے میں تابکاری کی سطح میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

لینن گراڈ کے علاقے میں، علاقائی گورنر الیگزینڈر ڈروزڈینکو نے کہا کہ اُست-لوگا بندرگاہ میں روسی قدرتی گیس بنانے والی کمپنی نووٹیک کے ایک ٹرمینل میں ایک اور ڈرون کے ملبے سےآگ لگ گئی۔

وزارت دفاع نے کہا کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ روز تین ہائی موبلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم (ایچ آئی ایم اے آرایس) ملٹیپل لانچ راکٹ سسٹم راؤنڈ اور 172 ڈرونز کو روکا۔

یواین آئی

دی ساگا آف راشٹریہ رائفلز:طاہا فلمز کا نیا منصوبہ، کشمیری پروڈیوسر کا خواب حقیقت کے قریب

بولی وْڈ اور کشمیری فنکار ایک ساتھ، فلم یکم اکتوبر 2026 کو ریلیز ہوگی: سہیل سعید لون

محبوب جیلانی

سرینگر / طاہا فلمز انٹرنیشنل کے بینر تلے ایک بڑا فلمی منصوبہ ’’دی ساگا آف راشٹریہ رائفلز‘‘ (The Saga Rashtriya Rifles)کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر سہیل سعید لون اور رائٹر و ڈائریکٹر منظور احمد نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس پراجیکٹ کی تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ فلم کشمیر کے حقیقی واقعات پر مبنی ہے اور وزارتِ دفاع کے ساتھ ساتھ (ADGPI) نے اس اسکرپٹ کو باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ فلم کی ریلیز کی تاریخ یکم اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ان کا کہناتھا :’یہ تاریخی پروجیکٹ راشٹریہ رائفلز کے قیام سے لے کر دنیا کی صفِ اول کی انسدادِ دہشت گردی فورس بننے تک کے سفر کو پیش کرے گا۔ اس میں ان کی قربانیوں، کشمیری عوام کے ساتھ مل کر کی گئی ترقیاتی اور انسانی ہمدردی پر مبنی کاوشوں،’آپریشن سدبھاؤنا‘کے تحت اسکولوں، اسپتالوں، تعلیمی اداروں کے قیام اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے لیے بالی وْڈ اور کشمیری فنکار ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔

مقامی فنکاروں میں میر سرور، فرحانہ بٹ، یوسف میر، نذیر جوش، ضمیر عاشائی، عاقب سوب اور فیصل شیخ شامل ہیں۔ ان کے ساتھ بالی وْڈ کے معروف اداکار اشوتوش رانا، پیوش مشرا، ارجن رامپال، اکشے اوبری، راجت کپور، منوج جوشی، نورا فتیحی، ستیا راج، طہٰ شاہ، جیوا اور دیگر بھی شامل ہوں گے۔فلم کی شوٹنگ دسمبر 2025 سے شروع ہوگی،

جس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے کئی بڑے تکنیکی ماہرین بھی شامل ہیں، جن میں پرکاش کْٹی (ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی)، وشنو نشاد (پروڈکشن ڈیزائنر)، نعیم شبیر (موسیقی)، روی چترویدی (ایگزیکٹو پروڈیوسر)، انیرودھ سنگھ (کاسٹیوم ڈیزائنر)، سنجے شرما (ایڈیٹر)، مرتنجے (سائونڈ ڈیزائنر)، ریحان قادِر (ایسوسی ایٹ پروڈیوسر)، مہرین اقبال (پروڈکشن منیجر) اور بابو بھائی تھبا (کاسٹنگ ڈائریکٹر) کے نام شامل ہیں۔انہوں نے فلم کو ’حوصلے، قربانی اور اتحاد کی علامت‘ قرار دیا کہ توقع ہے کہ یہ وادی کشمیر میں امید اور ترقی کا نیا پیغام لے کر آئے گی۔جبکہ یہ فلم کشمیر فلم انڈسٹری کے لئے سنگ میل بھی ثابت ہوسکتی ہے ۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کل چسوتی گاؤں کا دورہ کریں گے

جموں:وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اتوار کو ضلع کشتواڑ کے چسوتی گاؤں کا دورہ کریں گے، جہاں حالیہ بادل پھٹنے کے سبب تباہ کن سیلاب آیا تھا۔


ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع اور لیفٹیننٹ گورنر مشترکہ طور پر جاری سرچ آپریشن کا جائزہ لیں گے جو پچھلے نو روز سے فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف اور مقامی پولیس کی جانب سے مسلسل جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ متاثرہ گاؤں کے لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل اور ضروریات کو قریب سے جاننے کی کوشش کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ چسوتی گاؤں میں 14 اگست کو بادل پھٹنے کے بعد آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ ریسکیو ٹیمیں تاحال لاپتہ افراد کی تلاش میں سرگرم ہیں جبکہ حکومت نے متاثرین کی بازآبادکاری اور معاوضے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

 

جموں میں 50 لاکھ روپے مالیت کی ہیروئن کے ساتھ اسمگلر گرفتار

جموں: بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے نارکوٹک کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران جموں کے ميران صاحب علاقے سے ایک منشیات اسمگلر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 50 لاکھ روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 22 اگست کو بین الاقوامی سرحد کے نزدیک ایک سرچ آپریشن کے دوران انجام دی گئی۔ بی ایس ایف نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گرفتار شخص سے تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں حالیہ برسوں کے دوران منشیات کی اسمگلنگ کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے اور سکیورٹی ایجنسیاں اس پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہیں۔

جموں و کشمیر میں 23 سے 26 اگست تک بارش کی پیش گوئی

سری نگر: محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق جموں وکشمیر میں 23 سے 26 اگست تک کچھ مقامات پر تیز اور زبردست بارش کا امکان ہے۔دریں اثنا کہیں کہیں بادل پھٹنے، سیلابی ریلے آنے، لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے بھی خطرات ہیں۔

محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 22 اگست تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران جموں صوبے کے جموں، ریاسی، اودھم پور، راجوری، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں کہیں کہیں 22 اگست کی شام کو بارش ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 سے 26 اگست تک جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کا امکان ہے تاہم اس دوران صوبہ جموں کے جموں، ریاسی، اودھم پور، راجوری، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع اور کشمیر کے اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں کہیں کہیں بھاری بارش متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 27 سے 30 اگست تک موسم ایک بار پھر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں 23 سے 26 اگست تک کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ تیز اور بھاری بارش کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں بادل پھٹنے، سیلابی ریلے آنے اور لینڈ سلائیڈنگ ہونے کے بھی خطرات ہیں۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ندی نالوں، دریائوں اور کمزور تعمیراتی ڈھانچوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔ایڈوائزری میں تمام متعلقہ محکموں اور عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

جموں وکشمیر: کپواڑہ میں زلزلے کے جھٹکے، کوئی نقصان نہیں

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں جمعرات کو زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 5 کلو میٹر تھی۔
نیشنل سینٹر فار سیسمالوجی کے مطابق جموں وکشمیر کے ضلع کپواڑہ میں جمعرات کو دن کے 1 بجکر 41 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیر زمین گہرائی 5 کلو میٹر تھی۔
تاہم زلزلے سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اودھم پور میں شراب فروش گرفتار، غیر قانونی شراب بر آمد: پولیس

جموں: جموں وکشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں ایک شراب فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے غیر قانونی شراب کی 170 بوتلیں بر آمد کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور کی ایک ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے

ہوئے ایک شخص جو اپنی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرJK02DJ – 4433 میں اومارا موڑ کی طرف جا رہا تھا، کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے غیر قانونی شراب کی 170 بوتلیں بر آمد کی گئیں جس کے بعد ملزم کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔


ملزم کی شناخت موتی لال ولد دیوی داس ساکن دانسال جموں کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اودھم پور میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

’دنیا کے سب سے اچھے جج‘ فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں چل بسے

مانیٹرنگ ڈیسک

فرینک کیپریو اپنے ریئلٹی کورٹ ٹی وی شو ’کاٹ اِن پروویڈنس‘ کے لیے جانے جاتے تھے، جہاں وہ ٹریفک خلاف ورزیوں سے لے کر فوجداری جرائم تک کے مقدمات سنتے تھے۔

یہ شو جو روڈ آئی لینڈ کی پروویڈنس میونسپل کورٹ میں پیش کیا جاتا تھا، نے گذشتہ برسوں میں سوشل
میڈیا پر مقبولیت حاصل کی۔ مداحوں نے عدالت میں کیپریو کی ہمدردی کو بے حد سراہا۔

بدھ کی دوپہر ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا گیا، جس میں مداحوں کو یہ المناک خبر دی گئی کہ ہر دلعزیز جج ’لبلبے کے سرطان کے خلاف طویل اور بہادری سے کی گئی جدوجہد کے بعد 88 برس کی عمر میں پرسکون انداز میں چل بسے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اپنی ہمدردی، عاجزی اور لوگوں کی اچھائی پر غیر متزلزل یقین کی بدولت ہردلعزیز جج کیپریو نے عدالت اور اس سے باہر اپنے کام کے ذریعے کروڑوں لوگوں کی توجہ حاصل کی۔ ان کی گرم جوشی، مزاح اور مہربانی نے ہر اس شخص پر اَن مٹ نقوش چھوڑے، جو انہیں جانتا تھا۔‘

کیپریو اپنے سرطان کے مرض کے بارے میں کھل کر بات کرتے تھے۔ انہوں نے یکم جون کو سرطان سے بچ جانے والے مریضوں کے قومی دن کے موقعے پر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے ان لوگوں کی تعریف کی جنہوں نے سرطان کے مرض کو شکست دی۔

ان کا کہنا تھا: ’میں اس لمحے میں ہر اس شخص کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، جس نے اس لڑائی کا سامنا کیا اور جیتا۔ میں خود بھی اس وقت یہی لڑائی لڑ رہا ہوں۔ لبلبے کے سرطان کے خلاف میری جنگ کو ڈیڑھ سال ہو چکا ہے اور مجھے امید ہے کہ خدا کے حکم سے ایک دن میں بھی خود کو زندہ بچ جانے والا کہہ سکوں گا۔‘

فرینک کیپریو کی موت کے اعلان سے چند گھنٹے قبل ان کی ہسپتال کے بستر پر لیٹے ہوئے ایک تصویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی۔ ساتھ ہی ان کے مداحوں کے نام ایک پیغام بھی تھا جس میں انہوں نے ’دعا، محبت اور تعاون‘ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ان کے انسٹاگرام پر 33 لاکھ اور ٹک ٹاک پر 16 لاکھ فالوورز تھے۔ سوشل میڈیا پر اپنے تعارف میں وہ کہتے ہیں کہ انہیں ’دنیا کے سب سے اچھے جج‘ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

ایک وائرل ویڈیو میں کیپریو نے ایک 96 سالہ شخص کو جیل جانے سے بچا لیا، جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ وہ اپنے 63 سالہ بیٹے کے ساتھ گاڑی چلاتے ہوئے سکول زون میں رفتار کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔

کوئیلا نامی شخص نے کیپریو کے سامنے پیش ہو کر بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کو خون کے ٹیسٹ کے لیے لے جا رہے تھے ’کیوں کہ اسے کینسر ہے۔‘

کیپریو نے کوئیلا کا مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ کیا اور ان سے کہا: ’آپ ایک اچھے آدمی ہیں۔ آپ واقعی وہی ہیں جو امریکہ کی پہچان ہے۔ آپ 90 سے زیادہ برس کی عمر میں بھی اپنے خاندان کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ آپ کے لیے ایک شاندار بات ہے۔‘

ان کے شو کو ڈے ٹائم ایمی ایوارڈ کے لیے تین نامزدگیاں ملیں اور 2024 میں کیپریو کو ’ڈے ٹائم پرسنیلٹی ڈیلی‘ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔کیپریو نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ کس طرح ان کے والد نے انہیں وہ جج بنایا، جو وہ بن گئے۔

2023  میں ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں بات کرتے ہوئے کیپریو نے کہا کہ اس وقت وہ 38 برس سے جج ہیں۔ انہوں نے بینچ میں اپنے پہلے دن کے بارے میں بتایا۔

اٹلی سے تعلق رکھنے والے ان کے والد تارک وطن تھے او انہیں کیپریو نے ’اپنی زندگی میں ملنے والے سب سے شریف انسان‘ قرار دیا تھا۔ وہ عدالت میں انہیں اس وقت دیکھنے آئے جب تین بچوں کی ماں تقریباً 300 ڈالر کے پارکنگ ٹکٹس کے مقدمے میں پیش ہوئیں۔

خاتون کے یہ کہنے پر کہ ان کے پاس پیسے نہیں اس لیے وہ گاڑی کھڑی کرنے کی فیس ادا نہیں کر سکتیں، کیپریو نے سختی دکھائی اور ان سے کہا کہ اگر انہوں نے ادائیگی نہ کی تو ان کی گاڑی ضبط کر لی جائے گی۔

کیپریو نے کہا کہ انہوں نے اس ماں کو ’بدتمیز‘ سمجھا، لیکن بعد میں ان کے والد نے انہیں سمجھایا کہ وہ ’ڈری ہوئی‘ تھیں۔ انہوں نے اپنے بیٹے سے کہا کہ ’آپ کو ان سے بات کرنی چاہیے تھی، ان کے مسائل کو سمجھنا چاہیے تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ اس دن کے بعد انہوں نے کبھی عدالت میں آنے والے کسی شخص کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا۔ان کی وفات کے بعد کیے گئے اعلان میں کہا گیا کہ کیپریو ’نہ صرف ایک معزز جج کے طور پر یاد رکھے جائیں گے بلکہ ایک وفادار شوہر، والد، دادا، پردادا اور دوست کے طور پر بھی۔ ان کا ورثہ ان بے شمار نیک کاموں میں زندہ رہے گا جن کی انہوں نے ترغیب دی۔‘

مزید کہا گیا: ’کاش ہم میں سے ہر کوئی ان کے اعزاز میں دنیا میں ذرا سی مزید ہمدردی لانے کی کوشش کرے، بالکل ویسے ہی جیسے وہ ہر دن کیا کرتے تھے۔‘

سی بی آئی نے 2023 کے حراستی تشدد کیس میں ڈی ایس پی سمیت 6 اہلکاروں کو گرفتار کیا

سری نگر، : سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 2023 میں شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں ایک کانسٹیبل کے مبینہ حراستی تشدد کے سلسلے میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت چھ اہلکاروں کو گرفتار کیا ہےحکام نے بتایا کہ یہ کارروائی عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر سی بی آئی کی طرف سے ایک ایف آئی آر درج کرنے کے تقریباً چار ہفتے بعد انجام دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف ایف آئی آر میں مجرمانہ سازش، قتل کی کوشش،خطرناک ہتھیاروں یا ذرائع سے شدید چوٹ پہنچانے اور تین دن سے زیادہ قید میں رکھنے کے الزامات شامل ہیں۔

ایک سینئر عہدیدار نے بتایا: ‘ تمام چھ پولیس اہلکاروں کو سی بی آئی کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے گرفتار کیا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ ان چھ افراد کو صبح کو بلایا گیا اور باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا، انہیں سری نگر ضلع کے ایک پولیس اسٹیشن میں بند رکھا گیا ہے’۔

اس خصوصی تفتیشی ٹیم کی سربراہی سی بی آئی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سبھاش چندر کنڈو کر رہے ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے اپنی ہدایات میں 21 جولائی کو کیس کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دی تھی اور اسے یہ یقینی بنانے کا حکم دیا تھا کہ متاثرہ پولیس کانسٹیبل کی حراست میں تشدد کے لیے ذمہ دار پائے جانے والے پولیس اہلکاروں کو 22 جولائی سے "فوری طور پر اور ایک ماہ کی مدت تک” گرفتار کیا جائے۔

مزید برآں، عدالت عظمیٰ نے سی بی آئی کو ایف آئی آر کے اندراج کی تاریخ سے تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 90 دنوں کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

متاثرہ کانسٹیبل خورشید چوہان، جو اس وقت ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈکوارٹر، بارہمولہ میں تعینات تھے، کو پولیس نے 20 فروری 2023 کو ایس ایس پی کپوارہ کے دفتر میں منشیات کے ایک معاملے کی انکوائری کے سلسلے میں رپورٹ کرنے کے لیے طلب کیا تھا۔ تاہم،چوہان کو مبینہ طور پر قانونی منظوری کے بغیر حراست میں لیا گیا اور مسلسل چھ دن تک حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

چوہان کی چوٹوں کی شدت کی وجہ سے انہیں 26 فروری 2023 کو شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر میں داخل کرایا گیا۔

یو این آئی

سری نگر:ڈل جھیل میں تین روزہ کھیلو انڈیا واٹر سپورٹس فیسٹول آج سے شروع

سری نگر،: سری نگر کے شہرہ آفاق ڈل جھیل میں آج یعنی جمعرات کی شام سے تین روزہ کھیلو انڈیا واٹر سپورٹس فیسٹول شروع ہو رہا ہے۔یہ فیسٹول 21 اگست سے شروع ہو کر 23 اگست کو اختتام پذیر ہوگا۔

فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر مملکت رکشا کھڈسے، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی شرکت متوقع ہے۔

حکام کے مطابق اس فیسٹول میں ملک بھر کی 28 ریاستوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی جو مختلف آبی کھیلوں میں ٹیلنٹ کا مظاہرہ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس فیسٹول سے نوجوانوں کی کھیل سرگرمیوں میں شمولیت کو فروغ ملے گا۔