جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا 19 دنوں تک بند رہنے کے بعد 14 ستمبر سے بحال ہوگی۔
شرائن بورڈ حکام نے بتایا: ‘ نامساعد موسمی حالات اور مقدس مندر کی طرف جانے والے ٹریک کی ضروری دیکھ بھال کی وجہ سے عارضی معطلی کے بعد، شری ماتا ویشنو دیوی جی کی یاترا موافق موسمی صورتحال رہنے کی شرط پر 14 ستمبر (اتوار) سے دوبارہ شروع ہوگی’۔
حکام نے یاتریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ درست شناخت ساتھ رکھیں، مقررہ راستوں کو اختیار کریں اور موجود عملے کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ یاترا کے لئے لائیو اپ ڈیٹس، بکنگ سروسز اور ہیلپ لائن سپورٹ کے لیے، عقیدت مند شرائن بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ "www.maavaishnodevi.org” کی طرف رجوع کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شرائن بورڈ عارضی معطلی کے دوران تمام عقیدت مندوں کے صبر اور سمجھ بوجھ کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔
بورڈ نے کہا: ‘یاترا کا دوبارہ آغاز ہمارے اجتماعی ایمان اور لچک کی تصدیق کرتا ہے اور بورڈ اس مقدس یاترا کے تقدس، حفاظت اور وقار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے’۔
واضح رہے کہ 26 اگست کو راستے میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ ہونے کی وجہ سے اس یاترا کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا تھا، اس واقعے میں 30 سے زیادہ افراد، جن میں بیشتر یاتری تھے، کی موت واقع ہوئی تھی۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے اس واقعے کی تحقیقات کے لئے ایک اعلیٰ سطحی سہہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سال گذشتہ 94 لاکھ 84 ہزار یاتری اس مقدس مندر کی یاترا سے فیضیاب ہوئے۔