سری نگر: جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ نے پلوامہ کے رکن اسمبلی اور پی ڈی پی لیڈر وحید پرہ کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت ڈوڈہ کے رکن اسمبلی معراج ملک کی نظربندی پر سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ‘گمراہ کن’ ریمارکس کرنے پر وجہ بتاؤ نوٹس بھیجا ہے۔
یہ نوٹس اسمبلی اسپیکرعبدالرحیم راتھر کی ہدایت پر وحید پرہ کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ پی ایس اے کے تحت ڈوڈہ کے رکن اسمبلی کی حراست ‘شرمناک سرنڈر’ اور ‘جمہوریت پر براہ راست حملہ’ ہے، کے بعد جاری کی گئی ہے۔
نوٹس، جو LA-3657/Legn/2025 مورخہ 10 ستمبر 2025 کے تحت جاری کی گئی ہے، میں کہا گیا ہے کہ وحید پرہ کا تبصرہ اسپیکر کے دفتر کی غیر جانبداری پر الزامات لگانے اور ایک ادارے کے طور پر اسمبلی کے وقار کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
یہ پیش رفت ضلع مجسٹریٹ ڈوڈ ہ ہرویندر سنگھ کی طرف سے 8 ستمبر کو بھیجے گئے ایک پیغام کے بعد ہوئی ہے، جس میں پی ایس اے کے تحت معراج ملک کی حراست کے بارے میں اسمبلی سیکرٹریٹ کو مطلع کیا گیا تھا۔ رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 260 کے مطابق، سیکرٹریٹ نے ایک بلیٹن شائع کیا تھا جس میں ایوان کے ممبران کو ملک کی نظر بندی کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔