جموں: جموں وکشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں ایک شراب فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے غیر قانونی شراب کی 170 بوتلیں بر آمد کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور کی ایک ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے
ہوئے ایک شخص جو اپنی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرJK02DJ – 4433 میں اومارا موڑ کی طرف جا رہا تھا، کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے غیر قانونی شراب کی 170 بوتلیں بر آمد کی گئیں جس کے بعد ملزم کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزم کی شناخت موتی لال ولد دیوی داس ساکن دانسال جموں کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اودھم پور میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔