جمعہ, ستمبر ۱۲, ۲۰۲۵
28.3 C
Srinagar
ہوم بلاگ صفحہ 13

جموں سیلابی صورتحال: ڈوڈہ میں مکان گرنے اور طغیانی سے چار افراد ہلاک، متعدد مکانات تباہ

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل بارش نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد لقمۂ اجل بن گئے، جبکہ متعدد مکانات اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ذرائع کے مطابق دو افراد اس وقت جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب ان کا مکان موسلا دھار بارش کے دباؤ میں آکر گر گیا، جبکہ دو دیگر افراد ندی نالوں میں اچانک آئے سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ حکام نے بتایا کہ کئی دیہی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں رہائشی ڈھانچوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ایک اعلیٰ افسر نے کہا، ’ضلع انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں تاکہ مشکل میں پھنسے ہوئے خاندانوں کی فوری مدد کی جا سکے۔‘
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارشیں جاری رہنے کی صورت میں مزید طغیانی، مٹی کے تودے گرنے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے خدشات موجود ہیں۔

جموں و کشمیر: خراب موسمی حالات کے باعث شری ماتا ویشنو دیوی یاترا معطل

جموں: خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں وکشمیر کے ضلع ریاسی کے کٹرہ کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا کو احتیاطی طور پر روک دیا گیا ہے۔

شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ (ایس ایم وی ڈی ایس بی) کے عہدیداروں نے بتایا کہ کہ ہمکوٹی روٹ سب سے پہلے بند کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا: ‘ بارش کی شدت بڑھ گئی ہے جس کے پیش نظر حفاظتی وجوہات کی بناء پر پوری یاترا کو معطل کر دیا گیا ہے’۔

بورڈ کے ایک ترجمان نے بتایا: ‘یاتریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے’۔ انہوں نے کہا کہ حالات معمول پر آنے کے بعد یاترا دوبارہ شروع کی جائے گی۔

بورڈ نے گذشتہ روز اپنے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا تھا: ‘ ادھکواری – بھون سیکٹر میں خراب موسم کے پیش نظر، ہمکوٹی ٹریک کو یاتریوں کی نقل وحمل کے لیے آج رات عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے’۔۔
ان کا کہنا تھا: ‘تاہم ادھکواری – سنجی چھات ٹریک (پرانا ٹریک) یاتریوں کے لیے کھلا رہے گا’۔

لداخ: کرن رجیجو کے قافلے سے کچھ فاصلے پر گاڑی دریا میں جاگری

سری نگر: مرکزی وزیر کرن رجیجو نے منگل کو اطلاع دی کہ ان کے قافلے سے کچھ فاصلے پر ایک گاڑی حادثاتی طور پر دریا میں جاگری، تاہم خوش قسمتی سے دونوں سوار افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔

رجیجو نے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ یہ واقعہ دراس پہنچنے سے قبل پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قافلے سے آگے ایک گاڑی اچانک دریا میں گر گئی، لیکن ہم بروقت وہاں پہنچے اور دونوں افراد کو بچا لیا گیا۔

وزیر کے مطابق حادثے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جس کے نتیجے میں دونوں مسافروں کی جان بچائی جا سکی۔

خیال رہے کہ کرن رجیجو لداخ کے دورے پر ہیں۔

خراب موسمی صورتحال کے بیچ بڈگام پولیس نے ہنگامی ہیلپ لائن سروس قائم کی

سری نگر: وادی کشمیر کی موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر بڈگام پولیس نے منگل کے روز عوام کی مدد اور پریشانی کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک ہنگامی ہیلپ لائن سروس کا قائم کی۔

ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بڈگام میں پولیس کنٹرول روم کو ہنگامی حالات کے دوران لوگوں تک پہنچنے کے لیے لینڈ لائن اور موبائل رابطہ نمبروں کے ساتھ چوبیس گھنٹے فعال بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری دن کے کسی بھی وقت 01951-255207 ڈائل کر سکتے ہیں یا فون نمبرات 8082567612 اور 6006751939 پر کال کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کنٹرول رومز کے قیام کے علاوہ سینئر افسران بشمول ایس ایس پی بڈگام، ایڈیشنل ایس پی، ڈی وائی ایس پیز اور مختلف سب ڈویژنوں کے ایس ڈی پی اوز کے ساتھ ساتھ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور پولیس چوکیوں کے انچارج افسران کو نامزد رابطہ نمبروں کے ذریعے عوام تک براہ راست رسائی کے قابل بنایا گیا ہے۔

بڈگام پولیس نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محفوظ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم یا قریبی پولیس یونٹوں کو دیں تاکہ فوری کارروائی کی جاسکے۔

جموں سیلابی صورتحال: عمر عبداللہ کی افسروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت

سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کی صبح یہاں جموں صوبے میں ہو رہی مسلسل بارشوں کے پیش نظر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔

انہوں نے افسروں کو ہائی الرٹ پر رہنے اور تمام ضروری اقدام کرنے کی ہدایت دی۔

واضح رہے کہ جموں صوبے میں گذشتہ چوبیس گھنٹے سے مسلسل موسلا دھار بارش ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں خطے میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

حکام نے لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں اور ہلپ لائن نمبر جاری کئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘ وزیر اعلیٰ نے آج صبح جموں میں مسلسل بارشوں کے پیش نظر سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی’۔

انہوں نے افسران کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

ادھر محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں اگلے کچھ گھنٹے کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

وزارت داخلہ کے پینل کا ماہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں دورہ جموں وکشمیر متوقع

سری نگر: وزارت داخلہ کی پارلیمانی کمیٹی کا ایک پینل ماہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں جموں وکشمیر کا دورہ کر رہا ہے جس کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ یہ پینل 26 اپریل کو دورہ جموں وکشمیر کرنے والا تھا لیکن 22 اپریل کو پہلگام کی بیسرن وادی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر اس دورے کو موخر کر دیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے امور داخلہ کے ایک پینل کا ماہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں دورہ جموں وکشمیر متوقع ہے جو کم و بیش 6 دنوں پر محیط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے رکن رادھا موہن داس اگروال کی قیادت میں یہ پینل 31 ممبروں پر مشتمل ہوگا جس میں پرینکا گاندھی، کپل سبل جیسے ممتاز لیڈر شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق دورے کے دوران یہ پینل مختلف وفود سے ملے گا اور وادی کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کرے گا۔

دریں اثنا صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے مذکورہ کمیٹی کے دورے کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔

اس موقع پر انہوں نے سری نگر، گلمرگ اور سونہ مرگ میں معززین کے لیے رہائش کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ساتھ ہی گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور رابطہ افسران کی تقرری کا بھی جائزہ لیا۔

متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی تال میل اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، عاشق حسین ملک کو نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا۔

جموں وکشمیر کے کچھ علاقوں میں 25 اور 26 اگست کو شدید بارشوں کا امکان

سری نگر،: محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق جموں وکشمیر کے کچھ علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں بادل پھٹنے، سیلابی ریلے آنے، لینڈ سلائیڈنگ ہونے اور چٹانیں کھسکنے کے بھی خطرات ہیں۔

لوگوں سے کہا گیا ہے کہ دریائوں، ندی نالوں اور کمزور تعمیراتی ڈھانچوں کے نزدیک جانے سے احتراز کریں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں 25 اور 26 اگست کو ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبہ جموں کے جموں، ریاسی، اودھم پور، سامبہ، کٹھوعہ اور راجوری اضلاع کے کچھ علاقوں میں بھاری بارشوں کا امکان ہے جبکہ پونچھ، رام بن،ڈوڈہ، کشتواڑ اور جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں میں درمیانی سے شدید بارشیں متوقع ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 27 سے 30 اگست تک موسم عام طور پر گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ 31 اگست اور یکم ستمبر کو بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران جموں صوبے میں کہیں کہیں درمیانی درجے سے بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ بعد میں 2 سے 5 ستمبر تک کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ جموں کشمیر میں 25 اور 26 اگست کو کہیں کہیں تیز اور انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں بادل پھٹنے، سیلابی ریلے آنے، لینڈ سلائیڈنگ ہونے اور چٹانیں کھسکنے کے بھی خطرات ہیں۔

لوگوں سے کہا گیا ہے کہ دریائوں، ندی نالوں اور کمزور تعمیراتی ڈھانچوں کے نزدیک جانے سے احتراز کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس دوران جموں صوبے کے کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔
تمام متعلقین سے الرٹ اور اپ ڈیٹ دہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


یو این آئی

امید ہے کہ عدالت عظمیٰ ریاستی درجے کی بحالی کے لئے وقت کی حد مقرر کرے گی: عمر عبداللہ

سری نگر،: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ دس ماہ قبل ہماری حکومت معرض وجود میں آنے کے باوجود بھی ہم ریاستی درجے کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے پہلی کابینی میٹنگ میں ریاستی درجے کی بحالی کے لئے قرار داد منظور کی اور جو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے میری پہلی ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی سے ہوئی تو میں نے سب سے پہلے یہ قرار داد ان کے سپرد کی’۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب ریاستی درجے کی بحالی کا معاملہ 10 اکتوبر کو عدالت عظمیٰ کے سامنے آئے گا تو اس کی بحالی کے لئے وقت کی ایک حد مقرر کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
عدالت عظمیٰ کی طرف سے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کے معاملے کی سماعت 10 اکتوبر کو رکھنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘مجھے یہ نہیں معلوم ہے کہ کون لوگ وہاں اس معاملے کی فوری سماعت کرانے کے لئے گئے تھے،ہم چاہتے کہ اس فیصلے پر مزید دیر نہ ہوجائے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم بھی اب دس ماہ سے حکومت چلا رہے ہیں، پہلے دن سے ہی ہم ریاستی درجے کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں، پہلی کابینی میٹنگ میں ہم نے ریاستی درجے کی بحالی کے لئے قرار داد پاس کی، اور جو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے میری پہلی ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی سے ہوئی تو میں نے سب سے پہلے یہ قرار داد ان کے سپرد کی’۔
انہوں نے کہا: ‘عدالت عظمیٰ نے الیکشن کرانے کے لئے وقت کی حد مقرر کی تھی یہی وجہ کہ میں آج وزیر اعلیٰ ہوں، امید یے کہ عدالت عظمیٰ 10 اکتوبر کو ریاستی درجے کی بحالی کے لئے بھی وقت کی ایک حد مقرر کرے گی تاکہ ہمیں یہ درجہ جلد سے جلد واپس مل جائے’۔
محبوبہ مفتی کے قیدیوں کی منتقلی کے بارے میں احتجاج کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا: ‘یہ ٹھیک ہے لیکن یہ احتجاج سری نگر میں ہونے سے کچھ نہیں ہوگا کیونکہ جموں وکشمیر کی سیکورٹی کے فیصلے دلی میں لئے جاتے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘بہتر یہی ہوگا کہ محبوبہ مفتی دلی جا کر یہ معاملہ وزیر داخلہ صاحب کے سامنے رکھیں جس طرح ہم نے کیا’۔
دستخطی مہم کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘یہ مہم چل رہی ہے جب مکمل ہوگی تو ہم اس کو مرکزی حکومت اور عدالت عظمیٰ کے سامنے رکھیں گے’۔
یو این آئی

ناساز گار موسمی صورت حال کے باعث جموں صوبے میں اسکول بند

جموں،: ناساز گار موسمی صورت حال کے پیش نظر جموں صوبے میں آج تمام سرکاری و غیر و سرکاری اسکول بند رہیں گے۔

یہ فیصلہ طلبا اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ خراب موسمی حالات کے پیش نظر جموں صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 25 اگست کو بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ طلبا اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر لیا گیا۔افسران نے کہا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں 26 اگست تک موسم خراب رہنے کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں تیز بارشوں کے نتیجے میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلے آنے، چٹانیں کھسکنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خطرات ہیں۔

شوپیاں سڑک حادثے میں چار افراد زخمی

سری نگر،: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چھوٹی پورہ علاقے میں پیر کی صبح ایک سڑک حادثے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے چھوٹی پورہ علاقے میں پیر کی صبح دو موٹر سائیکلوں کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں ان پر سوار چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجے کے لئے ضلع اسپتال شوپیاں منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت مختار احمد چوہان ولد محمد حسین چوہان ساکن سڈیو، ہلال احمد میر ولد محمد لطیف میر ساکن چک چھوٹی پورہ، نثار احمد میر ولد محمد اسلم میر ساکن چھوٹی پور اور سہیل شبیر احمد ولد شبیر احمد بٹ ساکن سڈیو کے طور پر ہوئی ہے۔

دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔