سری نگر: وزارت داخلہ کی پارلیمانی کمیٹی کا ایک پینل ماہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں جموں وکشمیر کا دورہ کر رہا ہے جس کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پینل 26 اپریل کو دورہ جموں وکشمیر کرنے والا تھا لیکن 22 اپریل کو پہلگام کی بیسرن وادی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر اس دورے کو موخر کر دیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ پارلیمانی کمیٹی برائے امور داخلہ کے ایک پینل کا ماہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں دورہ جموں وکشمیر متوقع ہے جو کم و بیش 6 دنوں پر محیط ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے رکن رادھا موہن داس اگروال کی قیادت میں یہ پینل 31 ممبروں پر مشتمل ہوگا جس میں پرینکا گاندھی، کپل سبل جیسے ممتاز لیڈر شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق دورے کے دوران یہ پینل مختلف وفود سے ملے گا اور وادی کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کرے گا۔
دریں اثنا صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے مذکورہ کمیٹی کے دورے کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
اس موقع پر انہوں نے سری نگر، گلمرگ اور سونہ مرگ میں معززین کے لیے رہائش کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ساتھ ہی گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور رابطہ افسران کی تقرری کا بھی جائزہ لیا۔
متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی تال میل اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، عاشق حسین ملک کو نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا۔