جموں: جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مسلسل بارش نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد لقمۂ اجل بن گئے، جبکہ متعدد مکانات اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو افراد اس وقت جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب ان کا مکان موسلا دھار بارش کے دباؤ میں آکر گر گیا، جبکہ دو دیگر افراد ندی نالوں میں اچانک آئے سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ حکام نے بتایا کہ کئی دیہی علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں جہاں رہائشی ڈھانچوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
ایک اعلیٰ افسر نے کہا، ’ضلع انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہیں۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں تاکہ مشکل میں پھنسے ہوئے خاندانوں کی فوری مدد کی جا سکے۔‘
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس کے پیش نظر انتظامیہ نے نشیبی اور پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارشیں جاری رہنے کی صورت میں مزید طغیانی، مٹی کے تودے گرنے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کے خدشات موجود ہیں۔