جمعرات, ستمبر ۱۱, ۲۰۲۵
17 C
Srinagar
ہوم بلاگ صفحہ 2

سی پی رادھاکرشنن نائب صدر جمہوریہ منتخب

نئی دہلی،:  قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے امیدوار سی پی رادھاکرشنن ملک کے نئے نائب صدرجمہوریہ کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔

مسٹر رادھاکرشنن نے نائب صدرجمہوریہ کے عہدے کے انتخاب کے لیے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے ووٹنگ میں انڈیا الائنس کے امیدوار و سابق جج بی سدرشن ریڈی کو 152 ووٹوں سے ہرا دیا انتخابی افسر پی سی مودی نے ووٹوں کی گنتی کے بعد مسٹر رادھاکرشنن کو نائب صدرجمہوریہ کے لیے منتخب قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ کل 781 ووٹوں میں سے 767 ووٹ پڑے، جن میں سے مسٹر رادھاکرشنن کو 452 جبکہ ان کے حریف مسٹر ریڈی کو 300 ووٹ ملے۔ انہوں نے کہا کہ 15 ووٹ کالعدم قرار دیے گئے۔

نیپالی وزیراعظم اولی کا استعفیٰ

نیپالی وزیراعظم اولی کا استعفیٰ

کھٹمنڈو،: نیپال میں بڑے پیمانے پر پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر وزیراعظم کے پی شرما اولی نے منگل کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا نیپالی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کے دفتر نے ان کے استعفے کی تصدیق کر دی ہے ملک میں کرپشن اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف پیر کو کئی مقامات پر مظاہرے شروع ہوئے۔ مظاہرین کئی مقامات پر پرتشدد ہو گئے اور انہوں نے آتش زنی، توڑ پھوڑ اور پتھراؤ کیا۔ گزشتہ روز پولیس کی کارروائی میں 20 افراد ہلاک اور 350 زخمی ہوئے۔

اس سے قبل وزیر داخلہ رمیش لیکھک نے پیر کو فائرنگ کے واقعہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے علاوہ تین اور وزراء نے آج اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ مسٹر اولی نے آج صبح اعلان کیا تھا کہ شام کو آل پارٹی میٹنگ بلائی جائے گی۔

مسٹر اولی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین آج سڑکوں پر نکل آئے۔ اس کے بعد مسٹر اولی نے استعفیٰ دے دیا۔احتجاج آج بھی جاری رہا اور بڑی تعداد میں لوگ پارلیمنٹ کی عمارت میں گھس گئے اور آتش زنی کی۔ مظاہرین نے صدر اور وزیر اعظم کی نجی رہائش گاہوں کو بھی نشانہ بنایا اور آتشزدگی کا ارتکاب کیا۔

نارکو ٹیرر کیس: ایس آئی اے نے ایک اور مفرور آپریٹر کو گرفتار کیا

سری نگر،: جموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے نارکو ٹیرر کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور مفرور آپریٹر کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدہ کی شناخت عبدالرشید بٹ ساکن پدگام پورہ اونتی پورہ ضلع پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ایجنسی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ نارکو ٹیرر کیس 2022 میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے بدنام زمانہ نارکو ٹیرر آپریٹر عبدالرشید بٹ ساکن پدگام پورہ اونتی پورہ پلوامہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم جو زائد از 2 برسوں سے گرفتاری سے بچ رہا تھا، کو ایس آئی اے کشمیر کی ایف آئی آر زیر نمبر 19/2022 میں عدالت کی طرف سے اشتہاری مجرم قرار دیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ رشید تیسرا مفرور ہے جس کو برسوں کے تعاقب کے بعد اب تک اس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ اس کی گرفتاری سے لشکر طیبہ سے چلنے والے نارکو ٹیرر ماڈیول کو ایک شدید دھچکا لگا ہے جس کی پشت پناہی پاکستان میں مقیم ہینڈلرز کی ہے، یہ ماڈیول کرناہ سیکٹر میں ایل او سی کے قریب ڈیڈ ڈراپ کنسائنمنٹس کے ذریعے منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ اور اس کے بعد پوری وادی میں نقل و حمل اور فروخت میں ملوث تھا۔ ان نشہ آور اشیاء کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بعد میں جموں و کشمیر میں گھٹتی دہشت گردی کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا’۔۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس گرفتاری کے ساتھ ایس آئی اے کو امید ہے کہ کچھ اہم روابط کھلیں گے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جائیں گے جو زیر سماعت مقدمے کی تکمیل کے لیے عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔

منوج سنہا کا کولگام تصادم میں جاں بحق ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت

سری نگر،  جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کولگام تصادم میں جاں بحق ہونے والے دو فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ان جوانوں کی بہادری اور انمول جذبے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ کولگام کے گڈر جنگلاتی علاقے میں انکائونٹر کے دوران دو فوجی جوان جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس انکائونٹر کے دوران 2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے تھے۔جاں بحق فوجی جوانوں کی شناخت صوبیدار پربھات گور اور لانس نائک نریندر سندھو کے طور پر کی گئی تھی۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا: ‘ لیفٹیننٹ گورنر نے بہادر فوجی جوانوں صوبیدار پربھات گور اور لانس نائیک نریندر سندھو کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے کولگام میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں عظیم قربانیاں دیں’۔
منوج سنہا نے کہا: ‘میرے خیالات سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ قوم اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ان جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محمد اظہر الدین کی عمر عبداللہ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقات

سری نگر،: سابق کرکٹر اور کپتان محمد اظہرالدین نے اپنے دورہ کشمیر کے دوران جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقات کی اور اس دوران وادی میں کرکٹ کے فروغ پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ موصوف کرکٹر نے وادی کے لوگوں کا ان کی بے پناہ محبت اور گرمجوشی کے لیے شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ اظہر الدین اتوار کو کشمیر کے دورے کے لئے سری نگر پہنچے تھے۔

اپنے دورہ کشمیر کے دوران انہوں نے جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ بھی ملاقات کی۔
موصوف کرکٹر نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ سری نگر میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ صاحب اورڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی’۔
انہوں نے کہا: ‘ ہم نے وادی میں کرکٹ کی بہتری اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ان کے وژن کے بارے میں بات کی۔ ان کی مہمان نوازی کے لیے ان کا مشکور ہوں’۔
اظہر الدین نے کہا: ‘گذشتہ دو دنوں کے دوران، میں نے جموں و کشمیر کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے ساتھ بھی بات چیت کی، ان کا جذبہ اور ہنر واقعی متاثر کن ہے’۔
انہوں نے اہلیان وادی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ‘وادی کے لوگوں کی بے پناہ محبت اور گرمجوشی کے لیے ان کا شکر گزار ہوں’۔
سابق کپتان نے گذشتہ روز میڈیا کو بتایا کہ کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں لیکن یہاں معیاری انفرااسٹرکچر اور نوجوانوں کی مناسب کوچنگ کی ضرورت ہے۔

پی ڈی پی کی حکومت میں جنوبی کشمیر میں اہم ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے: محبوبہ مفتی

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ مفتی محمد سعید کی قیادت والی حکومت کے دوران ہی جنوبی کشمیر میں اہم ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے اور وہاں ایک یونیورسٹی کیمپس، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ایک میڈیکل کالج قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) جنوبی کشمیر کے لیے نہایت کم وقت میں منظور کیا گیا۔

موصوف صدر نے منگل کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘یہ مفتی محمد سعید کی حکومت کا دور تھا کہ جنوبی کشمیر میں اہم ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔ ایک یونیورسٹی کیمپس، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ایک میڈیکل کالج قائم کیے گئے۔ سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) جنوبی کشمیر کے لیے نہایت کم وقت میں منظور کیا گیا’۔

انہوں نے کہا: ‘اس کے برعکس، نیشنل کانفرنس جو دہائیوں تک اقتدار میں رہی، اس خطے میں کوئی ایک بھی ایسا منصوبہ نہیں دکھا سکتی جو اس سطح کا ہو’۔ان کا کہنا تھا: ‘مفتی صاحب کی جانب سے اے آئی آئی ایمس کے لیے منتخب کی گئی جگہ پر ان کا اعتراض دراصل جنوبی کشمیر کے لیے ان کی پرانی بے حسی اور لاتعلقی کو ظاہر کرتا ہے’۔

محبوبہ مفتی نے نشینل کانفرنس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا: ‘تاریخی طور پر نیشنل کانفرنس کی حکومتوں نے اکثر ایسے علاقے بڑے منصوبوں کے لیے منتخب کیے جو سیلاب کا خطرہ رکھنے والے تھے اور یہ زمینیں عام طور پر ان کے قریبی ساتھیوں کی ملکیت ہوتی تھیں’۔

انہوں نے کہا: ‘ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی ترجیح عوامی فلاح کے بجائے ذاتی یا سیاسی مفاد تھی۔ اس کے برعکس پی ڈی پی حکومت نے ہمیشہ ایسے مقامات کا انتخاب کیا جو پورے خطے کے مفاد میں ہوں اور جن کا تعلق کسی خاص فرد یا جماعتی وابستگی سے نہ ہو’۔

ان کا یہ ردعمل وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کے بیان کہ اونتی پورہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) کے قیام کے لیے جگہ کا انتخاب فزیبلٹی کی بنیاد پر کرنے کے بجائے سیاسی مفادات پر کیا گیا تھا، کے ایک روز بعد سامنے آیا۔

کولگام انکائونٹر: انسداد دہشت گردی آپریشن دوسرے روز بھی جاری

سری نگر،: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گڈر جنگلاتی علاقے میں انسداد دہشت گردی آپریشن منگل کو دوسرے روز بھی جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ کولگام کے گڈر جنگلاتی علاقے میں رات بھر کے وقفے کے بعد منگل کی صبح انسداد دہشت گردی آپریشن بحال ہوا۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں محاصرے کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ انکائونٹر پیر کی صبح اس وقت شروع ہوا تھا جب تلاشی کارروائیوں کے دوران وہاں چھپے دہشت گردوں نے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی۔فوجی ذرائع کے مطابق اس انکائونٹر کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ دو فوجی جوان بھی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

ذرائع سے معلوم ہوا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر فوج کی اضافی کمک طلب کر لی گئی ہے۔ محاصرہ سخت کر دیا گیا ہے اور جنگلاتی علاقے میں ڈرون اور جدید نگرانی کے آلات کے ذریعے نظر رکھی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی پیرا کمانڈوز کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا ہے ۔

پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے گڈر میں انکاؤنٹر کی جگہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فوج کی قیادت میں مشترکہ آپریشن کی تعریف کی۔قابل ذکر ہے کہ یکم اگست 2025 کو بھی کولگام کے اَکھل جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان گیارہ روز تک انکاؤنٹر جاری رہا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا جبکہ دو فوجی جوان بھی شہید ہوئے تھے۔

اَکھل، گڈر اور دیگر جنگلاتی علاقے کولگام فارسٹ ڈویژن کے تحت آتے ہیں اور اکثر و بیشتر دہشت گرد ان گھنے جنگلات کو اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

 

سری نگر – جموں قومی شاہراہ مسلسل بند، مغل روڈ کھلا

سری نگر،: وادی کشمیر کو ملک کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر – جموں پر ٹریفک کی نقل و حمل گذشتہ دو ہفتوں سے مسلسل بند ہے۔ تاہم بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔

ادھر مغل روڈ اور سنتھن روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب ایڈوائزری جاری ہے۔ٹریفک حکام نے منگل کی صبح بتایا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل ہنوز بند ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کو جموں صوبے کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے مغل روڈ اور سنتھن روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب ایڈوائزری جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹھاٹھری میں نصیب نگر کے نزدیک رنکھا شیڈ میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ڈوڈہ – کشتواڑ روڈ بھی بند ہے۔حکام نے بتایا کہ زوجیلا کے نزدیک مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک بند کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں پر بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔لوگوں سے کہا گیا کہ وہ بند سڑکوں کی مکمل بحالی تک ان پر سفر کرنے سے گریز کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

حکام نے لوگوں سے مزید کہا کہ وہ سڑکوں کے متعلق تازہ جانکاری حاصل کرنے کے لئے ٹریفک پولیس ٹویٹر ہینڈل، فیس بک پیج اور جموں، سری نگر اور رام بن کے ٹریفک کنٹرول یونٹوں کی طرف رجوع کریں۔

ادھر قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی گونا گوں مشکلات سے دو چار ہوئے ہیں۔جہاں ایک طرف بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے وہیں باغ مالکان خسارے کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔

لوگوں کا الزام ہے کہ قومی شاہراہ بند ہوتے ہی وادی میں گراں فروشی آسمان چھونے لگتی ہیں اور خورد و نوش کی چیزیں اس قدر مہنگی ہوجاتی ہیں کہ عام لوگوں کے لئے ان کا خریدنا از بس مشکل ہوجاتا ہے۔

جموں میں منشیات فروش گرفتار، ہیروئن جیسا مواد بر آمد: پولیس

جموں: منشیات کے خلاف کریک ڈائن کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے جموں کے بشناہ علاقے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن بشناہ کی ایک ٹیم نے ڈیولی بشناہ میں ایک شخص کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 11.97 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

گرفتار شدہ کی شناخت سچن چودھری عرف سجو ولد حکومت راج ساکن مورچا پور کیمپ بشناہ کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بشناہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر96/2025 درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

جموں پولیس نے لوگوں سے منشیات کے پھیلائو کو روکنے کے لئے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کولگام جھڑپ میں جاں بحق  ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت

سری نگر، 09 ستمبر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج کولگام میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران جاں بحق ہونے والے بہادر سپاہیوں کو گلہائے عقیدت پیش کیے اور ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ نے شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ان سپاہیوں کی بے مثال جرأت، عزم و استقلال اور قربانی کو قوم ہمیشہ عقیدت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔