سری نگر،: جموں و کشمیر پولیس کی ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے نارکو ٹیرر کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں جنوبی کشمیر کے پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور مفرور آپریٹر کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدہ کی شناخت عبدالرشید بٹ ساکن پدگام پورہ اونتی پورہ ضلع پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ایجنسی کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ نارکو ٹیرر کیس 2022 میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے بدنام زمانہ نارکو ٹیرر آپریٹر عبدالرشید بٹ ساکن پدگام پورہ اونتی پورہ پلوامہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزم جو زائد از 2 برسوں سے گرفتاری سے بچ رہا تھا، کو ایس آئی اے کشمیر کی ایف آئی آر زیر نمبر 19/2022 میں عدالت کی طرف سے اشتہاری مجرم قرار دیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ رشید تیسرا مفرور ہے جس کو برسوں کے تعاقب کے بعد اب تک اس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ اس کی گرفتاری سے لشکر طیبہ سے چلنے والے نارکو ٹیرر ماڈیول کو ایک شدید دھچکا لگا ہے جس کی پشت پناہی پاکستان میں مقیم ہینڈلرز کی ہے، یہ ماڈیول کرناہ سیکٹر میں ایل او سی کے قریب ڈیڈ ڈراپ کنسائنمنٹس کے ذریعے منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ اور اس کے بعد پوری وادی میں نقل و حمل اور فروخت میں ملوث تھا۔ ان نشہ آور اشیاء کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کو بعد میں جموں و کشمیر میں گھٹتی دہشت گردی کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا’۔۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ اس گرفتاری کے ساتھ ایس آئی اے کو امید ہے کہ کچھ اہم روابط کھلیں گے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جائیں گے جو زیر سماعت مقدمے کی تکمیل کے لیے عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔





