جموں: مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندرا سنگھ کا کہنا ہے کہ آج اودھم پور میں تھاڈ اور بلی نالہ پر قومی شاہراہ کی بندش ختم ہونے کا قومی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم صاف ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کام پر لگی ہوئی ہے۔موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ اب موسم صاف ہے این ایچ اے آئی حکام کام پر لگے ہوئے ہیں اور قوی امید ہے کہ آج تھاڈ اور بلی نالہ پر نیشنل ہائی وے کی بندش کو ختم کرنا ممکن ہو جائے گا’۔
ان کا کہنا تھا کہ مونگری کے علاقے للی میں ضروری سامان کی ائیر ڈراپنگ گذشتہ روز ناموافق موسم کی وجہ سے ضرورت کے مطابق نہیں ہو سکی تھی لیکن آج صبح کے اوقات میں ہی اسے پورا کر لیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا: ‘آج صبح لاٹی کے مقامی نمائندوں بشمول کستوری لال سے ضروری سامان کی درخواست کی گئی تھی جو کل رات بپپ کے مقام پر زبردست لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑک بہہ جانے کی وجہ سے درہم برہم ہوگئی تھی۔
انہوں نے کہا: ‘ بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس کے مطابق ضروری اشیاء کی ضرورت کو بھی پورا کیا جائے گا’۔