معراج العالمﷺ،عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں مجلس کا اہتمام

معراج العالمﷺ،عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں مجلس کا اہتمام

سرینگر: معراج العالمﷺ کی انقلاب انگیز اورعظیم معجزہ نبوی حضرت محمد مصطفی ﷺیعنی معراج عالم ﷺ کی تقریب برصغیر کے ساتھ ساتھ پورے جموںوکشمیر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔
اس سلسلے میں ایک باوقار ، اہم اور روح پرور مجلس تاریخی عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں بعد نماز مغرب تا عشا انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے زیر اہتمام منعقد کی گئی ۔ مجلس وعظ و تبلیغ میں ہزاروں مردوزن خاص طور پر نوجوانوں نے شرکت کرکے متحدہ مجلس علماءجموںوکشمیر کے امیر میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کا خصوصی بیان جس میں فلسفہ معراج، عظمت معراج ، مقاصد معراج اور پیغام معراج کی عالمانہ طرز و انداز میںتشریح کی گئی خطاب سے بھر پور استفادہ کیا۔
میرواعظ نے معراج عالم ﷺکی نورانی رات کے موقعہ پر اہل اسلام کو بالعموم اور مسلمانان کشمیر کو بالخصوص پُر خلوص اوردلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 1440 سال قبل جناب پیغمبر آخر الزماں ﷺ نے مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ پھر وہاں سے مقام قاب و قوسین اور لامکان تک کا جو سفر فرمایا تھا اسے اسلامی اصطلاح میںاسریٰ اور معراج کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معراج النبی ﷺ کا عظیم الشان عملی واقعہ اور بے نظیر معجزہ دراصل انسانی فکر اور شعور کے انقلاب کا نام ہے ۔ چنانچہ حضرت محسن انسانیت ﷺ کی معراج کے واقعہ سے ہی انسانی دنیا میں تحقیق، تفتیش، تلاش اور جستجو کی تڑپ اور خواہش پیدا ہوئی اور دور حاضر کا انسان چاند اور ستاروں پر کمندیں ڈالنے کا اہل بن سکا۔انہوں نے کہا کہ معراج کے اہم واقعہ میں بے پناہ عبرت اور نصیحت کیساتھ ساتھ دعوت و موعظت کے بھی بے شمار پہلو پنہاں ہیں جو ہر دور اور ہر زمانے میں اہل حق کے متلاشی افراد اور اہل فکر و دانش کیلئے مشعل راہ ہیں۔
میرواعظ نے کہا کہ معراج عالم ﷺ رسول رحمت ﷺ کا ایک عملی معجزہ ہے جسے تا قیا م قیامت یادگار کے طور پر منایا جاتا رہےگا اور فکر و نظر کے نئے نئے گوشے اس سے اجاگر ہوتے رہیں گے ۔
اس موقعہ پر میرواعظ نے اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مسلمانوں کو معراج عالم ﷺ کی حقیقی روح، فلسفہ اور پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور کشمیری عوام جو جبر و استبداد اور غلامی کے شکنجے میں پھنسے ہیں اللہ تبارک و تعالیٰ اس سے نجات دیکر آزادی کی دولت سے بہرہ ور کرے۔
آخر پر میرواعظ نے رقت آمیز دعاﺅں کی پیشوائی کی جس میں بلا امتیاز اقوام عالم اور پوری انسانیت کی صلاح و فلاح کیلئے اللہ تبارک و تعالیٰ سے عاجزی اور انکساری کے ساتھ دعائیںمانگی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.