سری نگر: جموں و کشمیر پولیس کی سائبر سیل گاندر بل نے پیسوں کے ایک بڑے آن لائن گھوٹالے کو حل کیا ہے اور لاکھوں روپیے مالیت کے گم ہونے والے سمارٹ فونز کا سراغ لگایا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سائبر سیل گاندربل نے پیسوں کے ایک بڑے آن لائن گھوٹالے کو حل کرکے 6 لاکھ 20 ہزار روپیوں کو بند کر دیا اور 39 ہزار 9 سو روپیے متاثرین کے بینک کھاتوں میں دوبارہ جمع کئے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے لاکھوں روپیے مالیت کے 16 گم ہونے والے سمارٹ فونز کا بھی پتہ لگایا ہے۔
بیان میں کہا گیا: ‘عام لوگوں تک خدمات پہنچانے اور ان کی شکایات کے ازالہ کے لئے سائبر سیل گاندربل نے 21 فروری 2024 کو اپنے قیام کے بعد سے آن لائن سائبر کرائم پورٹل اور آف لائن موڈ کے ذریعے پیسوں کے مختلف آن لائن گھوٹالوں اور سیل فون گم ہونے کے بارے میں عام لوگوں سے درخواستیں/رہورٹس حاصل کیں’۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا کی ہدایات پر سائبر سیل گاندربل کی پولیس ٹیم سائبر جرائم کے ساتھ بھر پور طریقے سے نمٹ رہی ہے اور لوگوں کو مالی اور سوشل میڈیا گھوٹالوں کو حل کرنے کے لیے مدد کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘ اب تک پیسوں کے ایک بڑے آن لائن گھوٹالے کو حل کرکے 6 لاکھ 20 ہزار روپیوں کو بند کر دیا گیا اور 39 ہزار 9 سو روپیے متاثرین کے بینک کھاتوں میں دوبارہ جمع کئے گئے’۔
ترجمان نے بتایا کہ علاوہ ازیں پولیس ٹیم نے لاکھوں روپیے مالیت کے 16 گمشدہ سمارٹ فونز بر آمد کئے اور سوشل میڈیا کے 6 ہیکڈ اکائونٹ بحال کئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یونٹس ایگزیکٹیو پولیس اہلکاروں اور ٹیلی کام اہلکاروں پر مشتمل ہیں جو مختلف نوعیت کے آن لائن فراڈ کو حل کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔