نئی دہلی: سال 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ کے ساتویں اور آخری مرحلے کی تکمیل کے بعد مختلف خبر رساں اداروں اور ایجنسیوں نے اپنے متعلقہ ایگزٹ پولز یعنی پوسٹ پول سروے پیش کیے، جن میں زیادہ تر نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں آنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
سروے کے مطابق بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کو 359 سے 392 سیٹیں ملنے کا امکان ہے اور کانگریس کی قیادت والے انڈیا اتحاد کو 118 سے 161 سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ دیگر کو 10 سے 48 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ تاہم کسی نے یہ نہیں کہا کہ بی جے پی کو 370 سے زیادہ سیٹیں ملیں گی اور این ڈی اے کو 400 سے زیادہ سیٹیں ملیں گی۔
انڈیا نیوز-ڈی ڈائنامکس نے اپنے تخمینہ میں این ڈی اے کو 371، انڈیا اتحاد کو 125 اور دیگر کو 47 سیٹیں دی ہیں جب کہ جن کی بات سروے میں این ڈی اے کو 362 سے 392 سیٹیں، انڈیا اتحاد کو 141 سے 161 سیٹیں اور دیگر کو 10 سے 20 سیٹیں دی گئی ہیں۔ پول آف ایگزٹ پولز نے این ڈی اے کو 365 سیٹیں، انڈیا اتحاد کو 142 اور دیگر کو 36 سیٹیں دی ہیں۔ ریپبلک بھارت میٹریز نے این ڈی اے کو 353 سے 368 سیٹیں، انڈیا اتحاد کو 118 سے 133 سیٹیں اور دیگر کو 43 سے 48 سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی ہے۔ ریپبلک ٹی وی پی مارک اور ٹی وی 5 تلگو کے الگ الگ سروے میں این ڈی اے کو 359 سیٹیں ملنے کی امید ہے، اندیا اتحاد کو 154 سیٹیں اور دیگر کو 30 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔