جمعرات, ستمبر ۱۱, ۲۰۲۵
18.4 C
Srinagar
ہوم بلاگ صفحہ 1804

ٹرمپ کی میکسیکو- امریکی سر حدبند کرنے کی دھمکی

واشنگٹن،30 مارچ  : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر میکسیکو، پناہ گزینوں کے غیر قانونی نقل مکانی کرنے والوں کو نہیں روکتا ہے تو امریکہ-میکسیکو سرحد کو سیل کر دیا جائے گا۔
ٹرمپ نے جمعہ کو صحافیوں سے بات چیت کے دوران میکسیکو پر الزام لگایا کہ وہ جنوبی سر حد سے آنے والے پناہ گزینوں کو نہیں روک رہا ہے. انہوں نے کہا’’اگر میکسیکو انہیں نہیں روكےگا تو ہم سرحد کو بند کر دیں گے۔ ہم اس سرحد کو بند کر دیں گے اور طویل عرصہ تک بند رکھیں گے۔ میں کوئی کھیل نہیں کھیل رہا ہوں‘‘۔صدر کا یہ بیان ایک ہفتہ قبل ٹوئٹر پر میکسیکو کو اس سلسلہ میں انتباہ دینے کے بعد آیا ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا’’اگر میکسیکو جنوبی سرحد سے آنے والے تمام پناہ گزینوں کو فوری طور پر نہیں روکتا ہے تو میں اگلے ہفتہ سر حد کو بند کر دوں گا یاسر حد کے ایک بڑے حصے کو سیل کر دیا جائے گا‘‘۔ ٹرمپ کے انتباہ کے بعد میکسیکو کے سکریٹری خارجہ مارسیلو ايبرارڈ نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ میکسیکو دھمکیوں سے ڈرنے والوں میں نہیں ہے۔ وہ دھمکیوں کے خوف سے کام نہیں کرتا ہے۔
ٹرمپ میکسیکو سرحد پر دیوار بنانے کے وعدے کے ساتھ سال 2016 میں صدر کے انتخابی میدان میں اترے تھے۔ اپنا یہ وعدہ پورا کرنے کی سمت میں انہوں نے قدم بھی بڑھایا لیکن اس کی تعمیر کے کیلئےکانگریس سے انہیں اربوں ڈالر کی منظوری نہیں ملی۔ اس کے بعد وہ گزشتہ سال کے آخر سے اس سر حد کو بند کرنے کی مسلسل دھمکی دیتے رہے ہیں۔
یو این آئی

 

امت شاہ کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے وقت جمع ہوں گے این ڈی اے کے لیڈرز

احمد آباد، 30 مارچ : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ ہفتہ گاندھی نگر پارلیمانی حلقہ سے امیدوار کے طور پر نامزدگی کے کاغذات داخل کریں گے۔
مسٹر شاہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب اور روڈ شو کریں گے۔ اس موقع پر شرومنی اکالی دل کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل، شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور لوک جن شکتی پارٹی کے صدر رام ولاس پاسوان سمیت قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) کے تمام سینئر لیڈر موجود رہیں گے۔
گاندھی نگر سے بی جے پی کے بانیوں میں سے ایک پارٹی کے سینئر اور قدآور لیڈر لال کرشن اڈوانی 1991 سے چھ بار ایم پی رہے ہیں۔
پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر شاہ تقریباً پونے دس بجے احمد آباد کے ناري پورہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے. اس کے بعد وہ احمد آباد میں ہی ’ہوٹل ڈی آر ایچ سے سینٹرک بھاجی پاؤ‘ تک ایک روڈ شو کریں گے۔
جاری،یو این آئی

 

بولٹن نے مجھے صحیح طریقے سے کام کرنے کے لئے کہا ہے: لوپیز

كراكس، 30 مارچ  :  وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرنو لوپیز نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی اور اقتصادی بحرانوں کے درمیان امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے پیغام بھیج کر صحیح طریقے سے کام کرنے کے لئے کہا ہے۔
وزارت دفاع کی پریس سروس نے مسٹر لوپیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا’’مسٹر جان بولٹن نے مجھے پیغام بھیج کر صحیح طریقے سے کام کرنے کے لئے کہا ہے۔ میں نےان سے کہہ دیا ہے کہ ہم آئین کے مطابق صحیح طریقے سے کام کر رہے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی خواہشوں کا احترام کرتے ہیں اور جائز اور قانونی حقوق کی حمایت کرتے ہیں‘‘۔
مسٹر بولٹن ویزویلا کے صدر نکولس مادر کے زبردست ناقد ہیں۔
مسٹر مادرو نے جنوری میں اپنی نئی مدت کے لئے حلف لیا تھا جس کے کچھ عرصہ بعد ہی اپوزیشن لیڈر جوآن گوائیڈو نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دے دیا تھا. مسٹر گوائیدو کو امریکہ اور اس کے کچھ ساتھی ممالک کی حمایت حاصل ہے۔
چین اور روس سمیت کئی ممالک مسٹر مادرو کو ہی ملک کا صدر مانتے ہیں. مسٹر مادرو نے الزام لگایا کہ امریکہ کی نظر وینزویلا کے تیل کی املاک پرہے لہذا اپوزیشن لیڈر کو صدر کے طور پر منظوری دی ہے۔
اسپوتنک

مودی کی مجاہد آزادی شيام جي کو خراج عقیدت

نئی دہلی، 30 مارچ :  وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو مشہورمجاہد آزادی شيام جي کرشن ورما کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کی۔

مسٹر مودی نے مسٹر ورما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹر پراپنے پیغام میں کہا، "انہوں نے اپنی پوری زندگی آزادی کی لڑائی میں وقف کر دی۔ ان کی بیش بہا خدمات سے ملک کے باشندوں کو ہمیشہ تحریک ملے گی‘‘۔

 

بی جے پی اور شیوسینا میں اب کوئی من مٹاؤ نہیں:ادھو ٹھاکرے

احمد آباد، 30 مارچ :شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے آج کہا کہ ان کی پارٹی اور بی جے پی کے نظریات ایک ہیں اور دونوں کے درمیان جو تلخی اور من مٹاؤ ہوا تھا وہ اب مکمل طورسے ختم ہو چکا ہے۔
مسٹر ٹھاکرے نے آج یہاں بی جے پی صدر امت شاہ کے گاندھی نگر سیٹ پر نامزدگی کے کاغذات داخل کرنے سے پہلے احمد آباد کے سردار پٹیل چوک پر ہونے والی ریلی میں اپوزیشن پارٹیوں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک نظریہ والی دو پارٹیوں کے لڑنے جھگڑنے سے کچھ لوگ خوشی منا رہے تھے۔
انہوں نے کہا’’کچھ لوگوں کو میرے یہاں پہنچنے سے خوشی ہو ئی لیکن کچھ کو پیٹ میں درد ہو رہا ہو گا. کچھ لوگ خوشی منا رہے تھے کہ یکساں خیالات و نظریات رکھنے والی پارٹیاں لڑ جھگڑ رہی تھیں۔ ہم میں تلخی اور من مٹاؤ ضرور تھا ،جب امیت بھائی میرے گھر آئے اور بات ہوئی تو یہ سب ختم ہو گیا۔ شیوسینا اور بی جے پی کے نظریات ایک ہیں ،جو ہندوتو ہے. میرے والد (آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے) کہتے تھے کہ ہندوتو ہماری سانس ہے۔یہ رک جائے تو کس طرح چل سکتے ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد میں دل ملے یا نہ ملے وہ ہاتھ ملا رہے ہیں لیکن بی جے پی شیوسینا کا دل مل گیا ہے۔ ٹھاکرے نے کہا’’ہم نے یہی سوچا کہ گزشتہ پانچ سال میں جو ہوا سوہوا. لیکن اس سے گزشتہ 25 سے 30 سال میں کیا ہو رہا تھا. اکالی دل کو چھوڑ کر دیگر تمام پارٹیاں بی جے پی اور شیوسینا کو اچھوت مانتے تھے۔ پتہ نہیں کس طرح 25 سال گزر گیا۔
جاری،یو این آئی

کانگریس نے میرا کمار کو سہسرام سے امیدوار بنایا

نئی دہلی، 29 مارچ  :  کانگریس نے جمعہ کو پارٹی کی سینئر لیڈر اور سابق لوک سبھا اسپیکر میرا کمار کو بہار کے سہسرام ( محفوظ) لوک سبھا سیٹ سے جبکہ محترمہ رنجیتا رنجن کو سپول سے امیدوار اعلان کیا ہے۔
محترمہ میرا کمار اور محترمہ رنجیتا رنجن کو کانگریس کی آج جاری 14 ویں فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔
کانگریس کی سینٹرل الیکشن کمیٹی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری مکل واسنک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بہار سے سات، اڈیشہ سے ایک اور اتر پردیش سے ایک امیدوار کا اعلان کیا گیا جس میں مہاراج گنج کے امیدوار کو بدلا گیا ہے۔
اس سے پہلے جمعہ کو کانگریس نے ممبئی ( شمال) لوک سبھا سیٹ سے اداکارہ ارمیلا ماتونڈكر کو امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے اب تک 305 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔
جاری ۔ یو این آئي

 

کرتارپورکوریڈور پر دواپریل کوہونے والی میٹنگ ملتوی

نئی دہلی ،29مارچ : ہندستان نے کرتار پور صاحب کوریڈورکے تعلق سے پاکستان کی طرف سے تشکیل دی گئی 10رکنی کمیٹی کے نصف ارکان میں خالصتان حامیوں اور ہندستان کے خلاف زہرافشانی کرنےوالوں کو شامل کرلینے کی رپورٹوں کے بعد 2اپریل کو پنجاب میں اٹاری واگہہ سرحدی چوکی پر ہونے والی میٹنگ ملتوی کردی ہے اور پاکستان کو سکیورٹی سے متعلق اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے اس سے وضاحت طلب کی ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ نے پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے ہندستان کی تشویش سے آگاہ کیا اور کہاکہ آئندہ ہونے والی میٹنگ 2اپریل کے بجائے پاکستان کا جواب موصول ہونے کے بعد باہمی رضامندی سے طے کی جانی تاریخ کو ہوگی ۔اگرچہ تکنیکی موضوعات پر آئندہ میٹنگ اپریل کے وسط میں طلب کرنے کی بات کہی ہے ۔
ذرائع نے کہاکہ ہندستان اس کوریڈور کو کھولنے کی اپنی عہد بستگی پرقائم ہے لیکن قومی سکیورٹی اور ملک کی سلامتی سب سے اوپر ہے ۔
جاری ۔یواین آئی۔

 

کانگریس نے لوک سبھا انتخابات میں دس سابق اراکین پارلیمنٹ کو دوبارہ موقع دیا

جے پور، 29 مارچ :  راجستھان میں کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کے لئے 19 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرکے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے بیٹے ویبھوگہلوت سمیت 10 سابق ارکان پارلیمنٹ، سابق میئر اور چھ نئے چہروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
جمعرات کی دیر رات جاری ریاست کی کانگریس کی پہلی فہرست میں مسٹر ویبھوگہلوت کو جودھپور سے انتخابی میدان میں اتارا گياہے، جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مرکزی وزیر گجندر سنگھ شیخاوت کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اسی طرح کانگریس نے سابق ممبر پارلیمنٹ نمونارائن مینا کو ٹونک سوائے مادھوپور سے امیدوار بنایا ہے۔
کانگریس نے ناگور سے جیوتی مردھا کو دوبارہ ٹکٹ دے کر ان کے ٹکٹ کٹنے کی قیاس آرائی پر روک لگا دی ہے۔ الور سے سابق مرکزی وزیر بنور جتیندر سنگھ کو اور بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں آئے سابق مرکزی وزیر سبھاش مهريا کو سیکر سے ٹکٹ دیا گيا ہے۔
اسی طرح گذشتہ اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوکر سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے کے خلاف جھالراپاٹن سے الیکشن لڑنے والے مانویندر سنگھ کو باڑ میر-جیسلمیر پارلیمانی حلقہ سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ مسٹر مانویندر سنگھ سابق مرکزی وزیر جسونت سنگھ کے بیٹے ہیں۔
یو این آئي۔

 

اتراکھنڈ میں خواتین کو نظر انداز کرنا سیاسی جماعتوں کو پڑ سکتا ہے بھاری

دہرادون، 29 مارچ  :  اتراکھنڈ میں اس انتخابات میں خواتین کے اہم کردار کو دیکھتے سیاسی جماعتوں کی ان پر خاص نظر ہے لیکن ان سے منسلک سیاسی جماعتوں کے ایجنڈے سے وہ ندارد نظر آ رہی ہیں۔
ریاست میں انتخابی مہم کے لئے اب دو ہفتے ہی باقی ہیں اور سیاسی جماعتیں پورے زور شور کے ساتھ پارٹی کی تشہیر کرنے میں لگی ہیں لیکن ان کے ایجنڈے میں خواتین سے منسلک مسائل نہ ہونے سے پہاڑ کی خواتین میں بے حد ناراضگی ہے۔اتراکھنڈ کی ریڑھ کی ہڈی آج بھی خواتین ہی ہیں۔ وہ یہاں کھیت سے لے کر سروس سیکٹر تک میں کام کر رہی ہیں۔ انتخابات کے وقت سیاسی جماعتوں نے پہاڑ میں خواتین کی زندگی کو آسان اور بہتر بنانے کے لئے وعدے تو کافی کئے لیکن زمینی سطح پر کام نہیں ہوا۔
چمولی کی خواتین کا کہنا ہے کہ انتخابات کے وقت سیاسی لیڈر جو وعدے کرتے ہے ، اقتدار ملنے کے بعد اگر ان پر کام ہوتا تو خواتین کے نہ صرف حالات میں بہتر آتی بلکہ یہاں سے نقل مکانی بھی رکتی۔انجو اور کملا نے کہا کہ پہاڑ کی خواتین کے لئے روزگار کا انتظام کیا جانا چاہئے تاکہ ضرورتیں یہاں سے ہی پوری ہو سکیں اور نقل مکانی نہ کرنی پڑے۔ پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والی انو کو پہاڑوں میں طبی خدمات کو بہتر کرنا سب سے زیادہ ضروری لگتا ہے۔ اپنے حق رائے دہی کے تیئں نوجوان ووٹر زکہتی ہیں کہ ووٹ اسی کو دیں گی جو روزگار کے ساتھ ہی اتراکھنڈ کی خواتین کے لئے طبی سہولیات دستیاب کرائے گا۔
جار

( یواین آئی)

بہار میں مهاگٹھ بندھن کے 40 میں سے 31 امیدواروں کی فہرست جاری

پٹنہ، 29 مارچ :  بہار میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی زیر قیادت مهاگٹھ بندھن نے آج 40 میں سے 31 لوک سبھا سیٹوں پر امیدواروں کی فہرست جاری کر دی۔
آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے اپنے اتحادی ہندوستانی عوام مورچہ ( ایچ اے ایم) کے صدر جتن رام مانجھی، وکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کے سربراہ مکیش ساہنی اور مهاگٹھ بندھن کے دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں یہاں منعقد ہ پریس کانفرنس میں امیدواروں کے نام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آر جے ڈی نے مدھے پورہ سے شرد یادو، دربھنگہ سے عبد الباری صدیقی، ویشالی سے رگھونش پرساد سنگھ، گوپال گنج سے سریندر رام عرف مہنت جی، سیوان سے حنا شہاب، مہاراج گنج سے رندھیر سنگھ، سارن سے چندریكا رائے اور حاجی پور سے شیوچندر رام کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔
اسی طرح بیگو سرائے سے تنویر حسن، پاٹلی پتر سے میسا بھارتی، بکسر سے جگدانند سنگھ، جہان آباد سے سریندر یادو، نوادہ سے ویبھا دیوی، جھنجھارپور سے گلاب یادو، ارریہ سے سرفراز عالم، سیتامڑھی سے ارجن رائے، بھاگلپور سے شیلیش کمار عرف بلو منڈل اور بانکا سے جے پرکاش نارائن یادو آر جے ڈی کے امیدوار بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آر جے ڈی کے کھاتے میں آنے والی شیوہر سیٹ سے امیدوار کے نام کا اعلان جلد ہی کردیا جائے گا جبکہ آر جے ڈی نے آرہ سیٹ کمیونسٹ پارٹی (مارکسی-لینن) کے لئے چھوڑ دی ہے۔
مهاگٹھ بندھن کی پریس کانفرنس میں کانگریس اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی ) کے کوئی بڑے لیڈر موجود نہیں تھے۔ اس سلسلے میں مسٹر تیجسوی یادو نے بتایا کہ کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا اور دیگر رہنما دہلی میں ہیں جبکہ آر ایل ایس پی صدر اوپیندر کشواہا کسی کیس کے سلسلے میں پٹنہ سے باہر رہنے کی وجہ پریس کانفرنس میں شریک نہیں ہو سکے۔
یو این آئی