جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

کشمیر میں 20 دسمبر کی شام سے 23 دسمبر کی دو پہر تک برف وباراں کا امکان

سری نگر:وادی کشمیر میں یکے بعد دیگرے دو مغربی ہوائوں کے داخل ہونے کے نتیجے میں 20 دسمبر کی شام سے 23 دسمبر کی دو پہر تک برف و باراں کا امکان ہے جس سے وادی میں جاری طویل خشک موسمی صورتحال ختم ہونے کی توقع ہے۔
کشمیر ویدر کے مطابق جموں وکشمیر میں 18 اور 19 دسمبر کو موسم ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 دسمبر کو موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم وادی کے کچھ پہاڑی علاقوں خاص طور پر سونہ مرگ، دراس ایکسز، بانڈی پورہ اور کپوارہ اضلاع کے کچھ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

کشمیر ویدر کے مطابق بعد میں پہلی مغربی ہوا 20 دسمبر یعنی ہفتے کی شام سے وادی میں داخل ہوگی جبکہ دوسری مغربی ہوا 22 دسمبر کو اس نظام میں شامل ہوگی جس کا اثر 23 دسمبر کی دوپہر تک رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان مغربی ہوائوں کے نتیجے میں 20 دسمبر کی شام سے برف وباراں کا سلسلہ شروع ہوا جس کا زیادہ تر اثر اتوار اور پیر وار کو رہے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس دوران شمالی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے بھاری برف باری کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپوارہ، بانڈی پورہ، گاندربل اور بارہمولہ اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔

کشمیر ویدر کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت نسبتاً زیادہ ہونے سے میدانی علاقوں میں فی الوقت برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے سیاسی مقامات جیسے گلمرگ اور سونہ مرگ میں برف باری کا امکان ہے جہاں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف جمع ہوسکتی ہے۔

دوسری مغربی ہوا کے نتیجے میں ضلع کپوارہ کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ طول پکڑ کر منگل کی دو پہر تک جاری رہ سکتا ہے جس سے ضلع کے نزدیکی علاقے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس موسمی صورتحال کے نتیجے میں فلائٹ آپریشنز متاثر ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کی سطح میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے جس کا اثر مختصر مدت کے لیے ہوگا لیکن اس سے نمایاں ریلیف کی توقع ہے علاوہ ازیں جنگلوں میں لگنے والی آگ کا خطرہ بھی کافی حد تک کم ہونے کی امید ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کپوارہ، بانڈی پورہ اور گاندربل کے کچھ پہاڑی علاقوں میں 21 دسمبر کو بھاری برف باری ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 23 سے 29 دسمبر تک موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں 30 اور 31 دسمبر کو بھی وادی میں کم و بیش اسی طرح کی موسمی صورتحال متوقع ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img