جموں، جموں و کشمیر اسمبلی میں حکومت نے بتایا کہ یکم جنوری 2025 سے 31 دسمبر 2025 تک جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 1,77,65,390 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی، جن میں 36,410 بین الاقوامی جبکہ 1,77,28,980 ملکی سیاح شامل تھے۔ حکومت نے واضح کیا کہ موجودہ تعداد میں مزید اضافہ کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر پروموشنل سرگرمیاں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور بین الاقوامی سطح پر خطے کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے جواب میں بتایا گیا کہ شیخ العلوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سرینگر مکمل طور پر بین الاقوامی پروازوں کے لیے تیار ہے اور یہاں امیگریشن، کسٹمز، سیکورٹی اور مسافر سہولیات سمیت تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔ تاہم دبئی، جدہ، لندن اور دیگر مقامات کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز ایئرلائنز کے تجارتی اور عملی فیصلوں سے مشروط ہے۔ حکومت نے کہا کہ ایئرپورٹ ہر وقت اس قابل ہے کہ جب بھی کوئی ایئرلائن بین الاقوامی سروس شروع کرنا چاہے، فوری طور پر اسے سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ہوم سٹے پروگرام کے بارے میں حکومت نے بتایا کہ یہ اسکیم انتہائی کامیاب ثابت ہوئی ہے، جس سے رہائش کی گنجائش میں اضافہ ہوا، مقامی روزگار کے مواقع بڑھے اور کمیونٹی کی سیاحت میں شمولیت مضبوط ہوئی۔ محکمہ سیاحت نے اس مثبت ردعمل کے بعد پروگرام کو دیگر علاقوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران درپیش بڑی رکاوٹوں میں آگاہی کی کمی، تربیت اور صلاحیت سازی کی ضرورت اور بعض بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل شامل ہیں، جنہیں حل کرنے کے لیے محکمہ مسلسل آگاہی مہمات، تربیتی پروگراموں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ ہم آہنگی بڑھا رہا ہے۔





