جموں،:وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں میں پارٹی کے صوبائی عہدیداروں، ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ سلسلہ وار اہم میٹنگیں کیں، جن کا بنیادی مقصد وزیر اعظم نریندر مودی کی ترقیاتی پالیسیوں کی زمینی سطح تک مؤثر رسائی اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
امت شاہ نے اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ترقی یافتہ جموں و کشمیر، محفوظ جموں و کشمیر کے وژن کی تکمیل کے لیے بھرپور انداز میں کام جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے ترقیاتی پروگراموں کو حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچانا بی جے پی کی اولین ترجیح ہے، اور اس کے لیے تنظیمی ڈھانچے میں وسعت، بوتھ سطح پر سرگرمیوں میں تیزی اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے پارٹی قیادت کو ہدایت دی کہ وہ دور دراز علاقوں تک پہنچ کر وہاں کے عوامی مسائل کو سمجھیں اور حکومتی اسکیموں کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں ترقی، روزگار، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور امن و امان کے قیام کے سلسلے میں بے مثال اقدامات کیے ہیں، جن کے ثمرات لوگوں تک زیادہ شفافیت سے پہنچنے چاہئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں تنظیمی امور، آئندہ سیاسی حکمت عملی، عوامی پروگرامز، اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ امت شاہ نے اس موقع پر کارکنوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا مضبوط فیلڈ نیٹ ورک ہی وہ بنیاد ہے جس پر تبدیلی کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وِکست بھارت‘ کے وژن کے تحت جموں و کشمیر کو ترقی کے نئے سنگ میلوں تک پہنچانا بی جے پی کی ترجیح رہے گی۔





