جمعرات, دسمبر ۱۸, ۲۰۲۵
13.6 C
Srinagar

دہلی :زہریلی دھند کی دبیز چادر،اے کیو آئی انتہائی خراب درجہ پر

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے بیشتر حصوں میں جمعرات کی صبح زہریلی دھند کی گھنی چادر چھائی رہی، جس کے باعث حدِ بصارت میں شدید کمی آئی اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

انڈیا گیٹ، ایمس، اکشردھام، آئی ٹی او اور باراپلہ فلائی اوور سمیت اہم مقامات پر فضائی آلودگی کے باعث حدِ بصارت نہایت کم تھی، جبکہ شہر بھر میں آلودگی کی سطح میں خطرناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے مختلف علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی خراب سے شدید درجے تک رہا۔

انڈیا گیٹ پر ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 344 ریکارڈ کیا گیا جو ‘انتہائی خراب’ زمرے میں آتا ہے، جبکہ ایمس علاقے میں 273، اکشردھام میں 416 ، آئی ٹی او میں 398 اور باراپلہ فلائی اوور پر اے کیو آئی 356 درج کیا گیا۔
آر کے پورم سمیت کئی علاقے گھنی دھند کی لپیٹ میں رہے، جہاں اے کیو آئی 374 ریکارڈ ہوا، جو ‘انتہائی خراب’ زمرے میں شامل ہے۔ جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم کے اطراف بھی آلودگی کی سطح نہایت بلند رہی اور اے کیو آئی 349 کے ساتھ اسے بھی ‘انتہائی خراب’ قرار دیا گیا۔نجف گڑھ میں اے کیو آئی نسبتاً کم یعنی 284 ریکارڈ کیا گیا۔

آب و ہوا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے دہلی-این سی آر میں گریڈیڈ ریسپانس ایکشن پلان(جی آر اے پی) کے تحت اسٹیج-IV کے تمام اقدامات نافذ کر دیے ہیں تاکہ آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔
اے کیوآئی کی درجہ بندی کے مطابق 0 سے 50 تک بہتر، 51 سے 100 ‘اطمینان بخش’، 101 سے 200 ‘درمیانہ’، 201 سے 300 ‘خراب’، 301 سے 400 ‘انتہائی خراب’ اور 401 سے 500 ‘شدید’ شمار کیا جاتا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img