نئی دہلی، : وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز ہندوستان اور امریکہ کے درمیان عبوری تجارتی معاہدے کے فریم ورک کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے، مضبوط اور قابلِ اعتماد سپلائی چین قائم ہوگی اور وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، کیونکہ نئی دہلی اپنی “میک اِن انڈیا” مہم کو فروغ دینے اور ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے ہدف کی جانب گامزن ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے لیے “ذاتی عزم” پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ “ہندوستان اور امریکہ کے لیے بڑی خبری! یہ فریم ورک ہماری شراکت داری کی بڑھتی ہوئی گہرائی، اعتماد اور فعالیت کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ میک اِن انڈیا کو مضبوط بناتا ہے اور ہمارے محنتی کسانوں، کاروباری افراد، ایم ایس ایم ایز، اسٹارٹ اپ اختراع کاروں ، ماہی گیروں اور دیگر کے لیے نئے مواقع پیدا کرتا ہے۔ اس سے خواتین اور نوجوانوں کے لیے بڑے پیمانے پر روزگار پیدا ہوں گے۔”
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہندوستان اور امریکہ “اختراع کو فروغ دینے کے عزم کا اشتراک” کرتے ہیں اور یہ فریم ورک دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ “یہ فریم ورک مضبوط اور قابلِ اعتماد سپلائی چین کو بھی مستحکم کرے گا اور عالمی ترقی میں تعاون کرے گا۔ جب ہندوستان ‘وکست بھارت’ کی تعمیر کی طرف بڑھ رہا ہے، ہم ایسے عالمی شراکت داری کے لیے پرعزم ہیں جو مستقبل پر مبنی ہوں، ہمارے لوگوں کو بااختیار بنائیں اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیں۔”
وزیراعظم نے کامرس و صنعت کے وزیر پیوش گوئل کو بھی ٹیگ کیا، جنہوں نے ایکس پر لکھا کہ امریکہ اور ہندوستان نے باہمی اور متوازن تجارت کے لیے عبوری معاہدے کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔
مسٹر گوئل کے مطابق یہ فریم ورک 13 فروری 2025 کو شروع ہوئے وسیع تر ہند-امریکہ دوطرفہ تجارتی معاہدے (بی ٹی اے) مذاکرات کے عزم کی توثیق کرتا ہے، جس میں مزید مارکیٹ رسائی اور مضبوط سپلائی چین کی حمایت شامل ہوگی۔.





