سری نگر: نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے طلب کئے جانے والے مجلس عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے دوران صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جس کی تفصیلات اجلاس کے اختتام پر میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کابینہ میں کوئی توسیع کرنا وزیر اعلیٰ کے اختیار میں ہے۔
موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نیشنل کانفرنس کا مجلس عاملہ کا دو روزہ اجلاس شروع ہونے سے قبل نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کیا ہے ، جو بھی صورتحال ہے اس پر تبادلہ خیال ہوگا اور بعد میں دو روز بعد جب یہ اجلاس اختتام پذیر ہوگا تو میڈیا کے ساتھ تفصیلات شیئر کی جائیں گی’۔
کابینہ میں توسیع کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘وہ صرف وزیر اعلیٰ جانتے ہیں، یہ ان کو اختیار ہے کہ وہ کب کریں گے اور کیسے کریں گے’۔
انہوں نے کہا کہ دو دن بعد ہر کسی چیز کے بارے میں میڈیا کو تفصئلات فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کی مجلس عاملہ کا دو روزہ اجلاس پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح زیرو برج طلب کیا ہے۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کے مطابق یہ غیر معمولی اجلاس 27نومبر 2025بوقت 11بجے دن پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح زیرو برج سری نگر طلب کیا گیا ہے، جو اگلے روز بھی جاری رہے گا۔





