جموں: منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے 3 بین ضلعی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ ٹکری کی ایک ٹیم نے ایک کار زیر رجسٹریشن نمبرJK01BC – 5310 کو روکا جو جموں سے سری نگر کی طرف جا رہی تھی اور اس کار میں تین افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے22.24 گرام ہیروئن بر آمد کیا گیا جس کے بعد ان کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزموں کی شناخت عمر مجید ولد عبدالمجید خان ساکن برین سری نگر (ڈرائیور)، سلمان نثار ولد نثار احمد میر ساکن سونہ وار سری نگر اور سید بہزاد احد ولد سید عبد الاحد ساکن اندرا نگر بٹہ وارہ سری نگر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ریہام بل میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر199/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اودھم پولیس ضلع سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔





