سری نگر: بڈگام پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی صبح جماعت اسلامی سے منسلک اراکین کی رہائش گاہوں اور اداروں پر چھاپے مارے اور تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ تلاشی کارروائیاں قابل اعتماد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر انجام دی گئیں کہ بعض جماعت اسلامی اراکین ملکی مفاد کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کے چاڑورہ، سویہ بگ اور بیروہ علاقوں میں تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں اور یہ کارروائیاں قانون کے مطابق کی گئیں۔پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ تلاشی ٹیم میں پولیس افسران،خواتین پولیس ٹیمیں اور مقامی لمبر دار شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے منسلک اراکین کی رہائش گاہوں اور اداروں سےمختلف الیکٹرانک آلات اور دستاویزات بر آمد کئے گئے۔
ان کا کہنا ہے: ‘یہ کارروائی کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کے دہشت گردانہ نیٹ ورک اور علاحدگی پسند پروپیگنڈے کو ختم کرنے مقصد سے انجام دی گئی اور ایسی کارروائیوں کے ذریعے بڈگام پولیس ضلع میں امن قائم کرنے اور دہشت گردی سے پاک ماحول یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے’۔





