سری نگر: نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی ضمنی اسمبلی انتخابات کی دونوں سیٹوں اور راجیہ سبھا انتخابات کی بھی تمام سیٹیں حاصل کرنے کے لئے پر امید ہے۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم الیکشن ہمیشہ ایک سخت مقابلہ ہوتا ہے اور جو لوگ اس کو آسان سمجھتے ہیں وہ غلط فہمی کے شکار ہیں۔موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ہمیں امید ہے کہ ہم ضمنی انتخابات کی دونوں سیٹیں بڈگام بھی اور نگروٹہ سیٹ بھی حاصل کریں گے، تاہم الیکشن ہمیشہ ایک سخت مقابلہ ہوتا ہے اور جو لوگ اس کو آسان سمجھتے ہیں وہ غلط فہمی کے شکار ہیں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘امید ہے کہ بڈگام کے باشعور لوگ اسی طرح ہم پر اعتماد کریں گے جس طرح سال 2024 میں کیا تھا، یقین ہے کہ ہم اس سیٹ پر جیت حاصل کریں گے’۔
راجیہ سبھا الیکشن کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا: ‘جو ہمارے حق میں ووٹ ڈالے گا وہ ہمارا مخالف نہیں بلکہ دوست ہے، 24 تاریخ کو دیکھا جائے گا وہ ہمیں ووٹ ڈالیں گے جن کے متعلق لوگوں نے سوچا بھی نہیں ہوگا’۔انہوں نے کہا: ‘امید ہے کہ ہم راجیہ سبھا کی بھی تمام سیٹیں حاصل کریں گے’۔کانگریس کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ‘کانگریس کے ساتھ الائنس بر قرار ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس اگلے ایک مہینے کے الیکشن جیتنے کے لئے پر امید ہے۔