جموں:جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس (این سی) نے نگروٹہ اسمبلی حلقہ کی ضمنی انتخابی نشست کے لیے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) ممبر شمیم بیگم کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب کانگریس نے بی جے پی کو شکست دینے کے ’بڑے مقصد‘ کے تحت اس نشست پر انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا۔
این سی کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے بتایا کہ پارٹی نے شمیم بیگم کو نگروٹہ نشست سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ آئندہ چند گھنٹوں میں اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔
شمیم بیگم، جنہوں نے دسمبر 2020 کے ڈی ڈی سی انتخابات میں نگروٹہ کے ڈنسال بلاک سے کامیابی حاصل کی تھی، نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام مجھے اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ چار برسوں میں میرا کام دیکھا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ مجھے اسمبلی میں نمائندگی کا موقع ضرور دیں گے۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے چیف ترجمان رویندر شرما نے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس نے وسیع تر مفاد میں اور بی جے پی کو شکست دینے کے ہدف کے تحت نگروٹہ نشست اپنے اتحادی این سی کے لیے خالی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے کے پی سی سی کی رپورٹ اور دیگر عوامل پر غور کے بعد، مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ نگروٹہ نشست نیشنل کانفرنس کو دی جائے، تاکہ بی جے پی کے خلاف مشترکہ محاذ مضبوط کیا جا سکے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب این سی اور کانگریس کے درمیان راجیہ سبھا نشستوں کی تقسیم پر تنازعہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ دونوں جماعتوں نے گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات اتحاد کے تحت لڑے تھے، تاہم این سی کی جانب سے کانگریس کو راجیہ سبھا کے لیے محفوظ نشست دینے سے انکار کے بعد اتحاد میں دراڑ کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
وزیر اعلیٰ اور این سی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے چند روز قبل بیان دیا تھا کہ اگر کانگریس کے پاس نگروٹہ کے لیے بہتر امیدوار ہے تو ہم حمایت کرنے کو تیار ہیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
ضمنی انتخابات نگروٹہ اور بڈگام اسمبلی حلقوں میں 11 نومبر کو ہوں گے۔ نگروٹہ کی نشست بی جے پی کے رکن اسمبلی دیویندر سنگھ رانا کی 31 اکتوبر گزشتہ سال کے انتقال کے باعث خالی ہوئی، جبکہ بڈگام کی نشست وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے گاندر بل نشست برقرار رکھنے کے بعد خالی ہوئی۔
این سی نے بڈگام کے لیے سینئر رہنما آغا سید محمود کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ نامزدگیوں کے لیے آخری تاریخ آج یعنی 20 اکتوبر ہے، جبکہ جانچ 22 اکتوبر کو ہوگی اور کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 24 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
ادھر بی جے پی نے دیویندر سنگھ رانا کی بیٹی دیویانی رانا کو نگروٹہ سے امیدوار بنایا ہے۔ وہ ہفتے کے روز جے کے این پی پی کے صدر ہرش دیو سنگھ کے ہمراہ نامزدگی داخل کر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں دیویندر سنگھ رانا نے نگروٹہ نشست پر 30,472 ووٹوں کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کے مدمقابل نیشنل کانفرنس کے امیدوار جوگندر سنگھ کو 17,641 ووٹ ملے تھے جبکہ کانگریس کے بلبیر سنگھ 5,979 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔
رانا نے 2014 میں نیشنل کانفرنس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی، تاہم 2021 میں وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔
