سری نگر: معاشرے سے منشیات کے ناسوز کی بیخ کنی کے لئے کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے اچھی مقدار میں ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن قیموہ کی ایک پارٹی نے کھڈونی بائی پاس پر ایک ناکے کے دوران ایک مشتبہ شخص کو دھر لیا جس نے پولیس کو دیکھ کر موقعے سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 9 گرام چرس اور 1 کلو بھنگ جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزم کی شناخت یاسر احمد میر ولد محمد رفیق میر ساکن ڈی ایچ پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن قیموہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر82/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کولگام پولیس منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر پرعزم ہے۔
پولیس نے عام لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات کی فروخت یا دیگر غیر سماجی سرگرمیوں سے متعلق کسی بھی معلومات کو شیئر کریں۔