سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بنہ گام روہامہ علاقے میں پیر کی صبح آتشزدگی کے ایک واقعے میں ایک درسگاہ کی سہ منزلہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ بنہ گام روہامہ میں پیر کی صبح ایک مقامی درسگاہ کی تین منزلہ عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے اس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے ساتھ ہی مقامی نوجوان موقع پر پہنچ گئے اور آگ کو قابو کرنے کی کوششوں میں جٹ گئے۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی فائر ٹنڈرس کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک کر قابو میں کر لیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم خوش قسمتی بات یہ ہے کہ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے سردیوں کے موسم میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر عوام کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے اور چوکسی برقرار رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سردیوں میں ہیٹنگ آلات اور گیس اسٹوو وغیرہ کے زیادہ استعمال کے سبب اکثر آگ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں، لہٰذا عوام کو چاہئے کہ وہ درج ذیل ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
محکمہ نے ہدایت دی ہے کہ تمام برقی ہیٹنگ آلات، بخاری، اور ایل پی جی گیس اسٹوو کو سونے سے قبل یا گھر سے نکلنے سے پہلے بند کر دیا جائے۔ اسی طرح کانگڑی کا استعمال احتیاط سے کیا جائے اور رات کے وقت اسے محفوظ جگہ پر رکھا جائے تاکہ کسی حادثے کا خدشہ نہ رہے۔