سری نگر: بی جے پی کے سینئیر لیڈر اور جموں وکشمیر اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما کا کہنا ہے کہ بڈگام میں نیشنل کانفرنس بے نقاب ہوئی ہے اور لوگ اس پارٹی کو سبق سکھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے بڈگام نسشت پر جیت کی امید کے ساتھ اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو بڈگام میں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا: ‘کشمیر میں ان لوگوں کو بے نقاب کیا جا رہا ہے جنہوں نے یہاں غریب لوگوں کو دھوکہ دیا اور یہ دھوکے آج کے نہیں بلکہ ایک خاندان کی طرف سے گذشتہ 70 برسوں سے دئے جا رہے ہیں’۔ ان کا کہنا تھا: ‘بڈگام میں بھی لوگوں کو سبز باغ دکھائی گئے اب لوگ ان کو سبق سکھانا چاہتے ہیں پہلے لوگوں کے پاس متبادل نہیں ہوتے تھے لیکن آج نریندر مودی کی شکل میں لوگوں کو امید نظر آتی ہے’۔
مسٹر شرما نے کہا: ‘ہم یہ سیٹ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے اور ہمیں لوگوں سے بھی پوری امید ہے کہ وہ ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے جنہوں نے غریب عوام کے ساتھ دھوکہ کیا’۔ انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کچھ عرصہ تک کشمیر میں ناکام رہی لیکن آج کشمیر کے کونے کونے میں بی جے پی ہے،ہمیں اس کا کوئی ملال نہیں ہے کہ ہمیں کشمیر میں کوئی سیٹ نہیں ملی لیکن اس بات پر خوشی ہے کہ کشمیر کے لوگ آج بی جے پی کو تسلیم کر رہے ہیں، مودی جی کی پالیسوں پر خوش ہیں، یہ سب سیٹ جیتنے میں کب تبدیل ہوگا اس کا ہمیں انتظار ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘جہاں تک بڈگام ضمنی انتخابات کا تعلق ہے تو نیشنل کانفرنس بے نقاب ہوئی ہے’۔
اسمبلی اجلاس کے بارے میں پوچھے جانے پر لیڈر آف اپوزیشن نے بتایا: ’23 تاریخ سے سیشن لگنے والا ہے جو بہت مختصر ہے’۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اسمبلی میں لوگوں کی آواز بنے گی۔
نگروٹہ سیٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘وہ سیٹ یکطرفہ ہے، گذشتہ انتخابات میں بھی بی جے پی نے اس سیٹ پر بھاری کامیابی حاصل کی تھی’۔