سری نگر:جنوبی ضلع پلوامہ میں پولیس نے دو منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کرکے ضبط کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پلوامہ پولیس نے کسری گام کاکہ پورہ میں دو رہائشی مکانوں پر چھاپہ مارا اور وہاں تلاشی لی۔
انہوں نے کہاکہ تلاشی کے دوران رہائشی مکانوں میں چھپائی گئی نشیلی اشیاء برآمد کی گئی ہے۔
موصوف ترجمان کے مطابق بلال احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار کے رہائشی مکان سے دس کلو 760گرام چرس پاوڈر اور ارشاد احمد مانتو ولد غلام نبی مانتو کے رہائشی مکان سے 7کلو 830گرام چرس پاوڈ ر برآمد کی گئی۔
منشیات فروشوں کو موقع پر ہی دھر دبوچ کر ان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں پولیس کو آگاہ کریں۔
پولیس کاکہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔