سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندے عوام کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں اور وہ ہر فیصلے میں احترام، مشاورت اور تعاون کے مستحق ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو ان کے ساتھ تمیز سے پیش آنا چاہئے۔وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
چاڈورہ کے رکن اسمبلی کے ساتھ پیش آئے واقعے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘یہ ایک مقامی معاملہ ہے جو مقامی انتظامیہ کے ساتھ ہے، انتظامیہ کو اس چیز کا خیال رکھنا چاہئے کہ منتخب نمائندے آسمان سے نہیں آتے ہیں بلکہ لوگ ان کو چن کر بھیجتے ہیں، ان کے ساتھ ہر کسی کو تمیز سے پیش آنا چاہئے’۔پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے متعلق پوچھے جانے پر ان کا کہنا ہے: ‘یہ پورٹ فولیو میرے پاس ہے لیکن اس کے باجود یہ محکمہ تاحال منتخب حکومت کو واپس نہیں دیا گیا’۔
انہوں نے کہا کہ جو ادارے پہلے منتخب حکومت کے پاس تھے ان کو بحال کیا جائے چاہئے۔
جموں صوبے میں ایک بجلی منصوے میں مبینہ طور پر ایک رکن اسمبلی کی مداخلت کے بارے پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نےکہا کہ یہ منصوبے صرف جموں و کشمیر کے لئے نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘یہ قومی اہمیت کے منصوبے ہیں اور ان میں کہیں بھی مداخلت نہیں ہونی چاہئے’۔
آسٹریلیا میں ہوئے حملے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘بے گناہ لوگوں کا قتل ہوا یے جو نہایت افسوس ناک ہے’۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی مذہب میں بے قصور انسانوں کے بے رحمانہ قتل کی اجازت نہیں ہے۔
عمر عبداللہ نے اس شہری کی بہادری کی تعریف کی جس نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر مسلح حملہ آور کو قابو میں کیا اور اس سے ہتھیار چھین لیا جس سے کئی جانیں بچ گئیں۔
انہوں نے کہا: ‘یہ ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا’۔سیاحت کے حوالے سے پوچھے جانے پر وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘سیاحت کی بحالی کا انحصار بڑی حد تک موسم پر ہے، اگر گلمرگ، پہلگام، سونہ مرگ میں مناسب برف باری ہوئی تو سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد متوقع ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘حکومت کی طرف سے تمام ممکنہ اقدام کئے جا رہے ہیں جن میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور تشہیر شامل ہے’۔
فضائی کرایوں میں اضافے کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ‘ٹکٹوں کی قیمتوں پر حد مقرر کرنے کا عمل پورے ملک میں ناکام ہوا ہے، ایک ائیر لائن کی پروازیں معطل ہونے کے بعد مرکزی حکومت کی طرف سے واضح ہدایات کے باوجود بھی ہوائی کرایوں کو قابو میں نہیں لایا جاسکا’۔
انہوں نے کہا: ‘ہم بھی اس صورتحال سے متاثر ہوئے ہیں لیکن فی ا لوقت اس کا کوئی حل نظر نہیں آرہا ہے’۔
پہلگام واقعے میں چارج شیٹ دائر کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا: ‘چارج شیٹ تیار کی گئی ہے اور اب اس معاملے کا فیصلہ عدالت کرے گی’۔
انہوں نے کہا: ‘ایسے فیصلے ہمیشہ عدالیہ پر چھوڑے جانے چاہئے، کون گنہگار ہے کون بے گناہ ہے اس کا فیصلہ عدالت کرے گی’۔
کانگریس کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا: ‘ہر پارٹی کو اپنا سیاسی ایجنڈا تیار کرنے کی کھلی چھوٹ ہوتی ہے’۔




