سری نگر:سری نگر پولیس نے سال 2024کے دوران 156منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے 1.17کلو برون شوگر،2.92کلو ہیروئن، 13.13کلو چرس، 10.16کلو گانجا ، 2.83کلو کرسٹل متھ ، 44.18کلو ممنوع نشیلی اشیاء, 284نشہ آور بوتلیں اور 2823نشیلی ٹکیاں برآمد کیں ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر پولیس نے سال 2024کے دوران منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈاون شروع کیا جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج برآمد ہوئے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سال 2024میں سری نگر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 94کیس درج کرکے 156منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔ اس دوران 26منشیات فروشوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے انہیں ادھم پور ، بدرواہ ، کٹھوعہ اور کورٹ بلوال جیل منتقل کیا۔
انہوں نے کہاکہ مذکورہ منشیات فروش سری نگر کے نوجوانوں میں منشیات کی اشیاءفروخت کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گرفتار منشیات فروشوں کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات بھی درج ہیں۔
موصوف ترجمان کے مطابق این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات درج ہونے کے باوجود عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد بھی وہ نہیں سدھریں اور غیر قانونی منشیات نیٹ ورک کے ذریعے وادی بالخصوص سری نگر میں منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے میں ملوث پائے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کی جائیدادوں کو بھی قرق کیا گیا ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 68این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سری نگرپولیس نے 7گاڑیاں اور 4.47کروڑ روپیہ مالیت کے سات رہائشی مکانوں کو بھی منسلک کیا ۔ علاوہ ازیں گرفتار منشیات فروشوں کے 23بینک کھاتے بھی منجمد کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ سال 2024کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے 1.17کلو برون شوگر، 2.92کلو ہیروئن، 13.13کلو چرس، 10.16کلو گانجا،2.83کلو کرسٹل متھ، 44.18کلو خشخاش اور فکی ، 284نشہ آور بوتلیں اور 2823نشہ آور ٹکیاں برآمد کیں ہیں۔
ترجمان کے مطابق ایک سال کے دوران منشیات فروشوں کے قبضے سے 4لاکھ 90ہزار 696روپیہ نقدی 17موبائیل فون اور ایک ڈرون کو بھی ضبط کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ منشیات اور نشیلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف پولیس کی جنگ جار ی رہے گی۔
انہوں نے کہاکہ منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں لہذا ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے۔