جموں:جموں وکشمیر کے پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دس جوان شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر پانچ اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے ۔
اطلاعات کے مطابق منگل کی شام پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک فوجی گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ڈیڑھ سو فٹ گہری کھائی میں جاگری ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فوجی جوان جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیاجس دوران دس زخمی اہلکاروں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے پانچ فوجی جوانوں کو مردہ قرار دیا۔
جموں نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے نزدیک فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ فرائض کی انجام دہی کے دوران پانچ جوان جاں بحق ہوئے۔
موصوف ترجمان کے مطابق علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔