اتوار, دسمبر ۸, ۲۰۲۴
4.1 C
Srinagar

نائب وزیر اعلیٰ نے ضلع راجوری میں کنکٹویٹی کے اہم پروجیکٹوں کا جائزہ لیا

راجوری/نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی)، پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) اور بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) کے تحت بڑے کنکٹویٹی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے راجوری میں ایک جامع جائزہ میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ کا مقصد جاری کام کا جائزہ لینا اور ضلع میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بروقت اور تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔ قانون ساز اَرکان جاوید چودھری اور افتخار احمد نے شرکت کی اور اپنے حلقوں کے لئے رابطے کے ان اقدامات کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔میٹنگ میں چیئرمین ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل چودھری نسیم لیاقت ، ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی راجوری پونچھ، چیف اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی، ایس ای پی ڈبلیو ڈی اور بی آر او اور اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ہر منصوبے کے معیار اور بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اَپنے فرائض ایمانداری اور اعلیٰ سطح کی لگن کے ساتھ انجام دیں اور کنکٹویٹی کے تمام پروجیکٹوں میں کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔اُنہوں نے شفاف پروجیکٹ مینجمنٹ پر زور دیتے ہوئے اَفسروں سے کہا کہ وہ منصوبے کی ٹائم لائنز اور معیار کو متاثر کرنے والی رُکاوٹوں کی فعال طور پر نشاندہی کریں اور ان کو دُور کریں۔
سریندر کمارچودھری نے تمام اِنجینئرنگ اور فیلڈ سٹاف کو ہدایت دی کہ وہ تکنیکی خصوصیات اور حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور دیرپا تعمیراتی طریقوں پر زور دیں جس سے طویل مدت میں ضلع کو فائدہ ہوگا۔ اُنہوں نے کہا،”راجوری کی سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے رابطہ بہت ضروری ہے اور تمام شراکت داروں کو عوام کی توقعات پر پورا اُترنے کے لئے خلوص کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔“
اُنہوںنے ہر پروجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کے چیف اِنجینئروںاوربی آر او کے نمائندوں سے تازہ ترین معلومات حاصل کیں۔ ہر محکمہ نے منصوبے کی صورتحال، متوقع چیلنجوں اور سرعت کے لئے ایکشن پلان کے بارے میں اَپ ڈیٹ فراہم کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے پی ایم جی ایس وائی ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ دیہی اور دُور دراز علاقوں میں سڑک کے کاموں میں تیزی لائیں تاکہ رَسائی کوبہتر بنایا جاسکے۔ اُنہوں نے تاخیر کا سامنا کرنے والے کاموں کو ترجیح دے کر غیر منسلک بستیوں کو جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اُنہوں نے پی ڈبلیو ڈی کے زیر قیادت منصوبوں کے لئے چیف اِنجینئر کو ہدایت دی کہ وہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے بروقت تکمیل پر توجہ دیں۔ اُنہوں نے تاخیر سے بچنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور مو¿ثر پروجیکٹ مینجمنٹ طریقوں کو اَپنانے کی ترغیب دی۔میٹنگ میں بی آر او کے دائرہ کار میں سٹریٹجک اہمیت کی سڑکوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔نائب وزیر اعلیٰ نے بی آر او اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھیں بالخصوص اُن علاقوں میں جہاں موسم سے متعلق خلل پڑسکتا ہے تاکہ ہر موسم میں رابطے کو یقینی بنایا جاسکے۔چیئرمین ڈی ڈی سی نسیم لیاقت، ایم ایل اے جاوید چودھری اور افتخار احمد نے نائب وزیر اعلیٰ کی فعال نقطہ نظر کو سراہتے ہوئے شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور مقامی معیشت کو فروغ دینے کے لئے ان منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے حصول اراضی اور معاوضے کے مسائل کو حل کرنے کی وکالت کی جو اکثر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سست کر دیتے ہیں اور احسن طریقے سے پیش رفت کو یقینی بنانے کے لئے اَپنے تعاون کا وعدہ کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے تمام اِنجینئروںاور فیلڈ افسروںکو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی پیش رفت کی ٹریکنگ اور رپورٹنگ کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری کو ہفتہ وار پیش رفت کا جائزہ لینے کا مشورہ دیا اوراَفسروںکو ہدایت دی کہ وہ منصوبے پر عمل آوری کے دوران درپیش کسی بھی چیلنج سے فوری طور پر نمٹیں۔ نائب وزیرا علیٰ نے یقین دلایا کہ باقاعدگی سے معائینہ کیا جائے گا اور اس بات پر زور دیا کہ غفلت کی وجہ سے تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img