ہفتہ, مارچ ۷, ۲۰۲۶
17.6 C
Srinagar

میرواعظ نظر بند؛ پابندیوں اور علاقائی کشیدگی پر تشویش کا اظہار

 سرینگر:میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق، نے خانہ نظر بندی کے دوران جاری ایک بیان میں جمعہ کے روز عائد پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔

انہوں نے وادی میں جاری پابندیوں، خصوصاً  مقدس ما ہ رمضان کے جمعہ کے دن عائد کی گئی رکاوٹوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکسX ایک بیان میں میرواعظ نے کہا کہ ان نہایت بابرکت دنوں میں جب ہزاروں لوگ برکت اور رہنمائی کی تلاش میں مساجد کا رخ کرتے ہیں، تاریخی جامع مسجد کا منبر خاموش ہے جبکہ مسجد کی طرف جانے والی تمام گلیوں اور راستوں کو رکاوٹوں سے بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو "نہایت افسوسناک اور بدقسمتی” قرار دیا۔

میرواعظ نے کہا کہ آج کشمیر میں محسوس کی جانے والی غم و اندوہ کی کیفیت صرف ان پابندیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ خطے میں رونما ہونے والی سنگین پیش رفت کے باعث بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان اس خطے میں اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت پر شدید رنج اور تشویش میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ بظاہر خطے کو اپنے مفادات کے مطابق از سرِ نو ترتیب دینے کے درپے ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار دکھائی دیتے ہیں۔ ایک سربراہِ مملکت اور ممتاز روحانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای کے قتل اور خود مختار ملک ایران پر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ان واقعات نے پورے خطے کو بحران اور غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

میرواعظ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے، وادی سے لے کر جموں، لداخ اور کرگل تک، اس جارحیت کی سخت مذمت کی ہے اور تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک امت کے طور پر یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ایسے لمحات میں امت کو تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ جب ایک حصے پر ظلم ہوتا ہے تو اس کا درد پورا جسم محسوس کرتا ہے۔

اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ وہ ایران کے عوام، فلسطینیوں اور خطے سمیت دنیا بھر میں جارحیت کا سامنا کرنے والے تمام لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور جنگیں اور تشدد انسانوں کی پیدا کردہ ایسی آفات ہیں جو بے شمار بے گناہ جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہیں۔

میرواعظ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام انسانوں کی حفاظت فرمائے، سوگواروں کو صبرِ جمیل عطا کرے، ظالموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے اور مظلوموں کو آزادی نصیب فرمائے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img