ہفتہ, مارچ ۷, ۲۰۲۶
17.6 C
Srinagar

سی جے ایم شوپیاں نے دھوکہ دہی کے معاملے میں ایچ ڈی ایف سی بینک کے پانچ اہلکاروں کی ضمانت مسترد کر دی

سری نگر،: چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) شوپیاں کی عدالت نے ایچ ڈی ایف سی بینک کے ان پانچ اہلکاروں کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے جنہیں کرائم برانچ جموں و کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر کی طرف سے بڑے پیمانے پر مالی فراڈ کے ایک کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ونگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں وکشمیر کرائم برانچ کی اقتصادی جرائم ونگ نے ایچ ڈی ایف سی بینک کے اہلکاروں سے متعلق بڑے پیمانے کی مالیاتی فراڈ کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ شوپیاں کی عدالت نے ایچ ڈی ایف سی بینک کی شوپیاں برانچ میں پیش آنے والے بڑے مالیاتی گھوٹالے کے سلسلے میں گرفتار ملزموں کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا ہے۔
گرفتار ملزموں میں عادل ایوب گنائی ولد محمد ایوب گنائی ساکن میمندر شوپیاں حال حمزہ کالونی باغات کنی پورہ، نوگام، عرفان مجید زرگر ولد عبدالمجید زرگر ساکن رہائشی شیخ محلہ، بونیگام، شوپیاں، مبشر حسین شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکن کرینہ، کولگام، زید منظور ولد منظور احمد دین ساکن ڈگر پورہ، کھنہ بل، اننت ناگ اور جاوید احمد بٹ ولد عبدالرحیم بٹ ساکن بیلو راجپورہ، پلوامہ شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ ملزموں کو دوران تفتیش گرفتار کیا گیا تھا اور اس وقت سینٹرل جیل سری نگر میں عدالتی حراست میں رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی جرائم ونگ کشمیر کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر وسیم احمد شاہ نے معزز عدالت میں ملزموں کی ضمانت کی در خواستوں کی سخت مخالفت کی اور تفصیلی دلائل سننے اور کیس ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد معزز عدالت نے ایف آئی آر نمبر 30/2025 میں ملزموں کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
بیان کے مطابق یہ مقدمہ بھارتیہ نیائے سنتہا (بی این ایس) کی دفعات 316(5)،318(4)،336(3)،340(2) اور 61(2) نیز انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66(سی) کے تحت پولیس اسٹیشن ای او ڈبلیو کشمیر میں درج کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ونگ اس کیس کو قانون کے مطابق منصفانہ، شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img