بدھ, نومبر ۵, ۲۰۲۵
16 C
Srinagar

جموں وکشمیر میں ہیلتھ سیکٹر کی حالت خراب ، بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی :وزیر صحت سکینہ ایتو

سری نگر:صحت اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے جمعے کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کروں گی۔انہوں نے کہاکہ غریبوں کو ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات میسر ہو اس کے لئے زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے کولگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ہیلتھ سیکٹر کی حالت کافی خراب ہے اوراس کو بہتر بنانے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

ان کے مطابق جموں وکشمیر سے ہزاروں مریض باہر کی ریاستوں میں علاج ومعالجہ کرانے کی خاطر جاتے ہیں اور اس کی بنیادی وجہ یہاں پر بہتر طبی سہولیات میسر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جن کے پاس پیسے ہیں وہ پرائیوٹ ہسپتالوں میں اپنا علاج کراتے ہیں لیکن ہمیں سماج کے ہر طبقے کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنی ہے اوراس کے لئے موجودہ سرکار زمینی سطح پر کام کرئے گی۔

سب ضلع ہسپتالوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر نے کہاکہ موجودہ سرکار دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کے لئے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرئے گی۔

انہوں نے مزید بتایا ہیلتھ کے ساتھ ساتھ ایجوکیشن اور سوشل ویلفیئر محکموں میں بھی نئی روح پھونکی جائے گی۔

سکینہ ایتو نے عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مجھے بہت بڑی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس پر کھرا اترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img