جمعہ, فروری ۱۴, ۲۰۲۵
10.5 C
Srinagar

کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام ، لشکر طیبہ کے 5ملی ٹینٹ ہلاک : اے ڈی جی پی

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے مژھل سیکٹر میں جاری تصادم آرائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے پانچ ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مژھل سیکٹر میں لشکر طیبہ سے وابستہ پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں لشکر طیبہ سے وابستہ پانچ ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں جمعرات کی صبح آپریشن شروع کیاجس دوران ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔

ذرائع کے مطابق گولیوں کا تبادلہ رک جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پہلے دو اور بعد ازاں مزید تین مشتبہ ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کیں۔ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت اور ان کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ایکس پر جاکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سرحدی ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔ قبل ازیں فوج کی چنار کور کے ایک ترجمان نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا: ‘فوج، جموں و کشمیر پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے 26 اکتوبر 2023 کو کپوارہ میں ایل او سی پر ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا’۔دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز مژھل سیکٹر میں پانچ ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے بعد ایل او سی پر چوکسی بڑھائی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے سیکورٹی ایجنسیوں کو اطلاع ملی ہے کہ برف باری سے قبل ملی ٹینٹ اس طرف آنے کی کوشش کر سکتے ہیں جس کے پیش نظر سرحدوں پر مزید چوکسی بڑھائی جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر رات کی پیٹرولنگ بڑھائی گئی ہے تاکہ دہشت گردوں کی جانب سے اس طرف آنے کی کوششوں کو ناکام بنایاجاسکے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img