سری نگر: جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن اور بی جے پی لیڈر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ہے کہ وہ لوگوں کو اس دن کی تاریخی اہمیت کے بارے میں آگاہ کریں جس دن سال 1947 میں جموں وکشمیر نے با ضابطہ طور پر ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا تھا۔انہوں نے کہا: ’26 اکتوبر 1947 کو اس وقت کے مہاراجہ ہری سنگھ نے الحاق دستاویز پر دستخط کئے تھے جو ایک یاد گار قدم تھا جس کی توثیق شیخ محمد عبداللہ نے کی تھی اور جس نے ریاست جموں و کشمیر کو باضابطہ طور پر ہندوستان کے اتحاد میں ضم کیا تھا’۔ڈاکٹر اندرابی نے مہاراجہ ہری سنگھ کے الحاق دستاویز پر دستخط کرنے کو ایک جرت مند اور دانشمند قدم قرار دیتے ہوئے کہا: ‘اس فیصلے کی بدولت ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا اٹوٹ انگ ہونے پر فخر حاصل ہے’۔بی جی پی کے ایک بیان کے مطابق موصوفہ نے کہا کہ جموں وکشمیر کا ہندوستان کے ساتھ الحاق مکمل اور حتمی تھا۔
انہوں نے لوگوں سے تاکید کی کہ وہ الحاق کے بعد خطے میں ہونے والی ترقی پر فخر کریں اور اس بات کا شکر ادا کریں کہ جموں و کشمیر بھارت کا ایک اٹوٹ انگ ہے۔ان کا زور دے کا کہنا تھا کہ اس دن کو ایک تہوار کی طرح جوش و خروش سے منایا جانا چاہئے۔بتادیں کہ یوم الحاق کے موقع پر جمعرات کو بی جے پی نے یہاں جواہر نگر علاقے میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر پر جشن منایا جس میں اقلیتی مورچہ، یوا مورچہ، کسان مورچہ اور ایس ٹی مورچہ نے بھی شرکت کی۔
یو این آئی