پرتاپ گڑھ: بہوجن سماج پارٹی کی قومی صدر مایاوتی نے کہا کہ کانگریس کی غلط پالیسیوں کے سبب بی جے پی ملک کے اقتدار پر قابض ہوئی۔بی جے پی حکومت نے سرمایہ داروں کو مزید مالامال کرنے کا کام کیا۔جبکہ بی جے پی نے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا۔
اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے پانچ کلو میٹر کی مسافت پر چھیٹ پور (دلیپ پور) میں پارلیمانی امیدوار اشوک ترپاٹھی کی حمایت میں اتوار کو منعقدہ انتخابی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔
مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے وعدے کے مطابق لوگوں کو پندرہ لاکھ روپیہ و بے روزگاروں کو روزگار نہیں دیا۔اس مرتبہ نمو نمو کی چھٹی ہونے والی ہے۔مودی کی سماج وادی پارٹی بی ایس پی اتحاد سے نینداڑگئی ہے۔ہفتہ کو پرتاپگڑھ میں مودی نے اتحاد کو لے کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ہمارا اتحاد مضبوط ہے۔ اس کو توڑنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے 2014 میں عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا۔عام لوگوں کی ترقی کے برعکس سرمایہ داروں کی مزید ترقی کا کام کیا گیا۔مودی سرمایہ داروں کے چوکیدار ہیں۔آج کسان آوارہ مویشیوں سے پریشان ہے۔ملک کے دلت،انتہا دلت و پسماندہ طبقے کا کوٹا پورا نہیں کیا گیا۔ نوٹ بندی سے بے روز گاری میں اضافہ ہوا ہے۔مودی شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں،ان کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا ہے۔