نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈیجیٹل انڈیا مشن کو ہندوستان میں ٹیکنالوجی کے تئیں شکوک و شبہات کو ختم کرنے اور امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کی کامیابی کی کہانی قرار دیا ہے۔
منگل کو ڈیجیٹل انڈیا کے 10 سالہ سفر پر ایک بلاگ میں مسٹر مودی نے کہا کہ پہلے ہندوستانی ٹیکنالوجی کے استعمال کی صلاحیت پر شک کیا جاتا تھا لیکن ان کی حکومت شہریوں کی صلاحیت پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک ہندوستانیوں کی ٹیکنالوجی کے استعمال کی صلاحیت پر شک کیا جاتا تھا لیکن ہم نے اس ذہنیت کو بدل دیا اور ہندوستانیوں کی ٹیکنالوجی کے استعمال کی صلاحیت پر بھروسہ کیا۔
وزیر اعظم نے بلاگ میں لکھا کہ کئی دہائیوں سے یہ سوچا جا رہا تھا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوشحال اور محروم طبقات کے درمیان خلیج مزید گہری ہوگی۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے اس ذہنیت کو تبدیل کیا اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا تاکہ خوشحال اور محروم طبقات کے درمیان فرق کو ختم کیا جا سکے۔‘
‘مسٹر مودی نے لکھا ’’جب ارادہ درست ہوتا ہے تو اختراع کم بااختیار لوگوں کو طاقت دیتی ہے۔ جب نقطہ نظر سب پر مشتمل ہوتا ہے تو ٹیکنالوجی پسماندہ لوگوں کی زندگیوں کو بدل دیتی ہے‘‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کے اس یقین نے 10 سال پہلے ڈیجیٹل انڈیا کی بنیاد رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس مشن کا نتیجہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اب عام لوگ استعمال کر رہے ہیں اور اسے جمہوری شکل دے دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا مشن شمولیاتی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر اور سب کے لیے مواقع پیدا کرنے کا مشن ہے۔