بدھ, دسمبر ۴, ۲۰۲۴
2.9 C
Srinagar

عید کا قرآنی پیغام۔۔۔۔ لئیق احمد خان

’عید ‘کے معنی خوشی کے موقع کے ہیں ۔حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں نے جب یہ مطالبہ کیا کہ وہ خدا سے درخواست کریں کہ وہ آسمان سے ایک دسترخوان نازل کرے تا کہ ہم اس سے متمع ہوں اور آپ کی رسالت کی تصدیق کرسکیں ، تو حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے انہیں اللہ سے ڈرنے کی تلقین کرنے کے بعدجو دعا کی اس میں لفظ ’عید ‘کا تذکرہ موجود ہے۔ ’’عیسٰی ابن مریم نے دْعا کی ’’خدایا  !ہمارے ربّ ! ہم پر آسمان سے ایک خوان نازل کر جو ہمارے لیے اور ہمارے اگلوں پچھلوں کے لیے ’’خوشی کا موقع ‘‘قرار پائے اور تیری طرف سے ایک نشانی ہو، ہم کو رزق دے اور تْو بہترین رازق ہے‘‘۔(سورۂ مائدہ ،آیت ۔۲۱۴)۔اسلا م ایک فطری مذہب ہے۔ خوشی و مسرت کا اظہار انسانی فطرت ہے۔اسلام نے اس کا بھرپور لحاظ رکھا ہے۔ زندگی کے عام حالات میں بھی خوشی کے اظہار کو مستحسن قرار دیا گیا ہے۔ خوش مزاجی کو پسند اور خشک مزاجی کو ناپسند کیا گیا ہے۔ خوشی کے تمام جائز مواقع پر مفید حدود و شرائط کے ساتھ خوشی منانے کا پورا پورا حق دیا گیا ہے ۔دوسری جانب اسلام نے اجتماعی طور پر پوری ملت اسلامیہ کے لیے باضابطہ خوشی منانے کے دو مواقع متعین کیے ہیں ۔ایک موقع عید الفطر کا ہے اور دوسرا عید الاضحی کا ہے۔عموماً ہم ان دونوں موقعوں پر خوشی تو مناتے ہیں لیکن خوشی کیوں منائی جاتی ہے اوراس کی حکمتیں کیاہیں ، ان سے اکثر لوگ ناواقف رہتے ہیں ۔اس مضمون میں قرآن کریم کی روشنی میں دونوں عیدوں کے تجزیہ کی کوشش کی گئی ہے کہ ان دونوں عیدوں سے اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کے اندر کیا خوبیاں دیکھنا چاہتا ہے۔

عیدین کے مابین یکسانیت

عید الفطر اور عید الاضحی بظاہر دو الگ الگ عیدیں محسوس ہوتی ہیں ، لیکن حقیقت میں دونوں کے مابین گہرا ربط و تعلق پایا جاتا ہے اورواضح مناسبتیں پائی جاتی ہیں ۔عید الفطر سے متصل مباحث سورۃ البقرہ کی آیات ۱۸۳ تا ۱۹۳ میں وارد ہوئی ہیں جبکہ عید الاضحی سے متعلق مباحث سورۃ الحج آیا ۳۴ تا ۴۱ میں شامل ہیں ۔ قرآن مجید کے ان دونوں مقامات کا تفصیلی مطالعہ کیا جائے تو درج ذیل نکات سامنے آتے ہیں ۔

(۱)  دونوں عیدیں ،دو عبادات کے ساتھ مربوط ہیں ۔

 عید الفطرکا اہتمام رمضان کے روزوں کے اختتام پر ہوتا ہے جبکہ عید الاضحی حج کے اختتام پر قربانی کے ذریعہ منائی جاتی ہے۔یعنی اسلام میں عیدوں کا تصورعبادات کے ساتھ مشروط ہے۔الگ سے ان عیدوں کے اہتمام کا تصور نہیں ہے۔ گویا عید کا پیغام ان دونوں عبادات کے ساتھ مربوط ہے۔ اسلام کے فلسفہ ٔ عبادت میں روزہ کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ بندۂ مؤمن کو مخلص اور متقی بنانے کا عمل ہے جبکہ حج ایک مؤمن کے اندر جذبۂ قربانی کو پیدا کرتا ہے۔ایک مہینہ مسلسل روزہ رکھنے کے بعد عید الفطر کا موقع آتا ہے جبکہ حج کے مناسک غیر معمولی مجاہدہ چاہتے ہیں جس کے بعد قربانی کے ذریعہ عید الاضحی کا اہتمام ہوتاہے۔جو حج پر نہیں جاتے ان کے لیے قربانی کا عمل رکھا گیا ہے۔گویا قربانی مشترک عبادت ہوئی۔ حج کرنے والے اور دنیا بھر میں قربانی کرنے والے سب اسوۂ ابراہیمی کو یاد کرتے ہیں اور انہیں اپنانے کی کوشش کرتے ہیں ۔اس طرح دونوں عیدیں دو عبادات روزہ اور حج و قربانی کے ساتھ مربوط ہیں۔

(۲)  روزہ اور قربانی ۔سابقہ امتوں میں بھی رائج تھیں ۔

یہ بات واضح ہوئی کہ دونوں عیدیں دو عبادات۔روزہ اور قربانی کے ساتھ مشروط ہیں ۔ ان دو عبادات کی خصوصیت یہ ہے کہ روزہ اور قربانی گزشتہ امتوں میں بھی رائج رہی ہیں ۔روزہ کے بارے میں کہا گیا: ’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، تم پر روزے فرض کر دیے گئے ، جس طرح تم سے پہلے انبیا کے پیرووں پر فرض کیے گئے تھے۔۔‘‘۔(البقرہ:۱۸۳)۔ اسی طرح قربانیوں کے بارے میں کہا گیا: ’’ہر اْمّت کے لیے ہم نے قربانی کا ایک قاعدہ مقرر کر دیا ہے‘‘ (الحج:۲۴)۔ہر زمانے میں اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کی تربیت کے لیے روزہ اور قربانی کا قاعدہ مقرر کر رکھا تھا۔دنیا میں جتنے پیغمبر آئے سب کا دین اسلام ہی تھا، لیکن ان کی شریعتیں الگ الگ رہیں ۔شرائع کے اس فرق کی بنیاد پر طریقوں میں تغیر رہا ہوگا ۔لیکن ہر شریعت میں روزہ اور قربانی کا تصور پایا جاتا تھا۔اس طرح ان عبادات کی اہمیت دوبالا ہوجاتی ہے۔

(۳)  خوشی کی وجہ ۔نزول قرآن اور تکمیل قرآن۔

 عید الفطر کی خوشیاں حقیقت میں قرآن کے ملنے پر منائی جاتی ہیں ، چونکہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے،اور قرآن مجید سے بڑی نعمت کا تصور نہیں کیا جاسکتا، اسی لیے اللہ نے خود قرآن کے ملنے پر خوشی منانے کا حکم دیا ہے: ’’لوگو، تمہارے پاس تمہارے ربّ کی طرف سے نصیحت آگئی ہے۔ یہ وہ چیز ہے جو دلوں کے امراض کی شفا ہے اور جو اسے قبول کر لیں ان کے لیے رہنمائی اور رحمت ہے۔ اے نبی، کہو کہ’’ یہ اللہ کا فضل اور اْس کی مہربانی ہے کہ یہ چیز اْس نے بھیجی، اس پر تو لوگوں کو خوشی منانی چاہیے، یہ اْن سب چیزوں سے بہتر ہے جنہیں لوگ سمیٹ رہے ہیں ۔‘‘(یونس: ۵۷۔۵۸) ۔ اس لحاظ سے رمضان، شب قدراور عید الفطر درحقیقت نزول قرآن کا جشن ہیں ۔دوسری جانب عیدالاضحی کی خوشیاں تکمیلِ قرآن کا جشن ہیں ۔ عرفہ کا وقوف دراصل شریعت کی تکمیل کی یاد دہانی ہے۔حجۃ الوداع کے موقع پر جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ۹؍ذی الحجہ کو عرفات پہنچے تو اللہ نے یہ خوش خبری سنائی کہ ’’آج میں نے تمہارے دین کو تمہارے لیے مکمل کردیا ہے اور اپنی نعمت تم پر تمام کردی ہے اور تمہارے لیے اسلام کو تمہارے دین کی حیثیت سے قبول کرلیا ہے‘‘ (المائدہ: ۳)۔ اس تکمیلِ شریعت کی خوشی کے اظہار کے لیے ۱۰؍ذی الحجہ کو عید الاضحی کے طور پر متعین کردیا گیا۔حضرت عمرابن خطابؓ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے جو یہودیوں میں سے تھا، ان سے کہا: اے امیر المؤمنین! ایک آیت آپ کی کتاب میں ایسی ہے کہ اگر یہ آیت ہم یہودیوں کے اوپر نازل ہوتی تو ہم اس دن کو اپنے لیے عید کا دن بنالیتے۔ حضرت عمرؓ نے پوچھا: وہ کون سی آیت ہے؟ یہودی نے کہا : الیوم اکملت لکم دینکم۔۔(مائدہ:۳)حضرت عمرؓ نے فرمایاکہ ہم اس دن کو اور اس جگہ کو بھی جانتے ہیں جہاں یہ آیت بنی کریمؐ کے اوپر اتری تھی۔ آپؐ اس وقت میدان عرفات میں کھڑے ہوئے تھے ، جمعہ کا دن تھا۔ (بخاری)۔ حضرت عمرؓ کا اشارہ اس طرف تھا کہ اس موقع کو ہم عید کے طور پر اسی وقت سے مناتے آرہے ہیں ۔اس لحاظ سے عید الفطر اگر نزول قرآن کا جشن ہے تو عید الاضحی تکمیل قرآن کا جشن ہے۔اس حوالے سے دونوں عید وں میں ایک اور مشترک امر روزے کا ہے ۔قرآن کا حق ادا کرنے کے لیے تقویٰ کو ضروری قرار دیتے ہوئے رمضان کے روزے فرض کیے گئے، اسی طرح یوم عرفہ کے روزہ کی ترغیب تکمیل قرآن کے واقعہ کی یاد دہانی کے لیے ہے کہ آپ کو قرآن کا حامل بننا ہے، جس کے لیے تقویٰ ضروری ہے اور اس تقویٰ کی آبیاری کا ذریعہ روزہ ہے۔

(۴)  دونوں عیدوں سے مطلوب تقویٰ اور شکر گزاری ہے۔

 روزہ کا مقصود بندۂ مؤمن کو متقی بنانا ہے اور حج اور قربانی کی روح بھی یہی ہے کہ ہم اپنے اندر تقویٰ پیدا کریں ۔ روزہ کے بارے میں کہا گیا : ’’اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، تم پر روزے فرض کر دیے گئے ، جس طرح تم سے پہلے انبیا کے پیرووں پر فرض کیے گئے تھے، اس سے توقع ہے کہ تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہوگی‘‘۔(البقرہ:۱۸۳)۔ حج کے بارے میں کہا گیا : ’’سفرِحج کے لیے زادِ راہ ساتھ لے جاؤ۔ اور سب سے بہتر زادِراہ پرہیزگاری ہے‘‘(البقرہ: ۱۹۷) ۔ قربانی کے سلسلہ میں کہا گیا : ’’نہ اْن کے گوشت اللہ کو پہنچتے ہیں نہ خون، مگر اْسے تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے‘‘(الحج:۳۷)۔ گویا ان سب سے مقصود یہ ہے کہ ہمارے اندر تقویٰ پیدا ہوجائے۔ مفسر قرآن مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی ؒ نے تقویٰ کی جامع تعریف پیش کرتے ہوئے کہا ہے: ’’تقویٰ حقیقت میں کسی وضع و ہیئت اور کسی خاص طرز معاشرت کا نام نہیں ہے بلکہ دراصل وہ نفس کی اس کیفیت کا نام ہے جو خداپرستی اور احساسِ ذمہ داری سے پیدا ہوتی ہے اور زندگی کے ہر پہلو میں ظہور کرتی ہے۔ حقیقی تقویٰ یہ ہے کہ انسان کے دل میں خدا کا خوف ہو، عبدیت کا احساس ہو اور اس بات کا زندہ ادراک موجود ہو کہ دنیا ایک امتحان گاہ ہے، جہاں خدا نے ایک مہلت عمر دے کر مجھے بھیجا ہے اور آخرت میں میرے مستقبل کا فیصلہ بالکل اس چیز پر منحصر ہے کہ میں اس دیے ہوئے وقت کے اندر اس امتحان گاہ میں اپنی قوتوں اور قابلیتوں کو کس طرح استعمال کرتا ہوں ۔ ‘‘(تحریک اسلامی کی اخلاقی بنیادیں )۔

قرآن مجید کے مذکورہ مقامات کے مطالعہ سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ اللہ چاہتا ہے کہ روزہ اور حج و قربانی کے مواقع پر تقویٰ کے ساتھ ساتھ شکر گزاری کا جذبہ بھی مسلمانوں میں پیدا ہو۔ چنانچہ رمضان کی آیتوں میں کہا گیا: ’’اور شکر گزار بنو‘‘(البقرہ: ۱۸۵)۔قربانی سے متعلق آیات میں کہا گیا: ’’اِن جانوروں کو ہم نے اِس طرح تمہارے لیے مسخّر کیا تاکہ تم شکریہ ادا کرو‘‘ (الحج: ۳۶)۔ وہاں پر قرآن کے ملنے پر شکر گزاری سکھائی گئی اور یہاں پر جانوروں کی تسخیر پر شکر گزاری سکھائی گئی۔ حدیث میں مؤمن کی یہی شان بتائی گئی کہ وہ یا تو صابر ہوتا ہے یا شاکر ہوتا ہے۔ شکر گزاری کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے زبان قال اور زبان حال دونوں سے اللہ کا شکریہ ادا کریں ۔ زبان حال سے شکریہ کا طریقہ یہ ہے کہ ہم وہ کام بجالائیں جس کے لیے ہمیں دنیا میں امت وسط اور خیر امت بناکر بھیجا گیا ہے کہ ہم انسانوں کو اللہ کے دین کی طرف دعوت دیں ، اچھائیوں کا حکم دیں ، برائیوں سے روکیں ، حق کی گواہی پیش کریں ، حق و انصاف کو قائم کرنے اور دین کو غالب کرنے کی جدوجہد کریں ۔

(۵)  رب کی بڑائی کا اعلان۔

 عیدین کی ایک نسبت’ تکبیر رب ‘ہے۔ قرآن مجید کے ان دونوں مذکورہ مقامات میں رب کی بڑائی کے اعلان کا حکم دیا گیا ہے۔ رمضان سے متعلق آیات میں رمضان کا مقصود یہ بیان کیا گیا: ’’تاکہ تم روزوں کی تعداد پوری کرسکو اور جس ہدایت سے اللہ نے تمہیں سرفراز کیا ہے ، اْس پر اللہ کی کبریائی کا اظہار واعتراف کرو اور شکر گزار بنو‘‘ (البقرہ:۱۸۵)۔ قربانی سے متعلق آیات میں کہا گیا : ’’اْس نے ان کو تمہارے لیے اِس طرح مسخّر کیا ہے تاکہ اْس کی بخشی ہوئی ہدایت پر تم اْس کی تکبیر کرو۔‘‘(الحج:۳۷)۔ اس حکم کی تعمیل میں ملت اسلامیہ علامتی طور پر عیدگاہ کو تکبیرات کہتے ہوئے جاتی ہے : اللہ اکبر اللہ اکبرلا الہ الا اللہ واللہ اکبراللہ اکبر و للہ الحمد۔(اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، نہیں ہے کوئی معبود سوائے اللہ کے،اور اللہ سب سے بڑا ہے، اللہ سب سے بڑا ہے، اسی کے لیے ساری تعریفیں اور شکر کے کلمات سزاوار ہیں )۔یہی تکبیرات ۹؍ذی الحجہ کی فجر سے لے کر ۱۳؍ذی الحجہ کی عصرتک ہر نماز کے بعد دہرائی جاتی ہیں ۔یہ تکبیرات حقیقت میں امت مسلمہ سے بہت بڑا مطالبہ پیش کرتے ہیں کہ وہ دنیا میں اللہ کی بڑائی کو منوائیں ۔ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کو جو مشن دیا گیا تھا اس کے شروع ہی میں بتادیا گیا تھا کہ آپ کو اپنے رب کی بڑائی کو دنیا میں منوانا ہے: ’’اور اپنے رب کی بڑائی کا اعلان کرو‘‘ (المدثر: ۳)۔ رسول اللہ نے اس حکم کی تعمیل میں پوری زندگی صرف کردی اور اسلام کے غلبہ کے نتیجے میں اللہ کی بڑائی دنیا میں قائم ہوئی۔ اسی قسم کا مطالبہ امت مسلمہ کوہر عید کے موقع پر یاد دلایا جاتا ہے کہ تم خیر امت ہو۔دنیا میں اللہ کی بڑائی قائم کرنے کے لیے تمہیں اس کے دین کو پوری دنیامیں پھیلانا ہوگا اور اس کے نظام کو قائم کرنا ہوگا۔ اس زمین پر اللہ کی حقیقی کبریائی اسی صورت میں قائم ہوسکتی ہے۔

(۶)  جذبۂ جہاد و قربانی کی آبیاری۔

 تکبیر رب کے لیے جدوجہد ضروری ہے۔ بغیر کوششوں کے دنیا میں اسلام کو نہیں پھیلایا جاسکتا۔اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ پر دین کی دعوت و اقامت کی ذمہ داری ڈال رکھی ہے۔انہیں کوششوں کا نام جہاد فی سبیل اللہ ہے۔ رمضان کے روزوں اور حج و قربانی کے ذریعہ اسی جذبۂ جہاد کو پیدا کیا جاتا ہے۔ روزہ کی حالت میں بندۂ مؤمن بھوک اور پیاس کو برداشت کرنے کی قوت پیدا کرتا ہے تاکہ وہ اللہ کے دین کی خاطر مجاہدہ کرسکے۔اور حج و قربانی کے عمل سے سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی ان تھک جدوجہد کی یاد تازہ کرائی جاتی ہے کہ ہم بھی اسی طرح اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد کریں ۔ چنانچہ قرآن مجید نے رمضان کے مباحث کے بعد قتال کا تذکرہ کیا ہے کہ اصل مقصود تو یہی ہے کہ تمہارے اندر جوش جہاد اور شوق شہادت پیدا ہو: ’’اور تم اللہ کی راہ میں ان لوگوں سے لڑو، جو تم سے لڑتے ہیں ، مگر زیادتی نہ کرو کہ اللہ زیادتی کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا‘‘(البقرہ:۱۹۰)۔ قربانی سے متعلق آیتوں کے بعد کہا گیا : ’’اجازت دے دی گئی اْن لوگوں کو جن کے خلاف جنگ کی جارہی ہے، کیونکہ وہ مظلوم ہیں ، اور اللہ یقیناً ان کی مدد پر قادر ہے‘‘ (الحج:۳۹)۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم اور صحابہ کرام رضان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین نے اسی تناظر میں رمضان کے مقدس مہینے میں جنگ بدر کی معرکہ آرائی میں قدم رکھا تھا، اور دوسری جانب سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے اپنے گھروالوں اور قوم کو دعوت دی، بے خطر آتش نمرود میں کود پڑے ، وطن سے ہجرت کی ، دور دراز علاقوں کا سفر کیا، اپنی بیوی اور بچے کو اللہ کے اذن سے بے آب و گیاہ وادی میں چھوڑدیا اور اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے کو قربان کرنے کے لیے بھی تیار ہوگئے۔ یہی وہ قربانی کا جذبہ ہے جو اللہ تعالیٰ امت مسلمہ میں پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ ہم اس کے دین کی سربلندی کے لیے کوشش کرتے ہوئے اسی طرح کی قربانیاں دے سکیں ، اپنے وقت کی قربانی، مال کی قربانی، صلاحیتوں کی قربانی، آرام کی قربانی، خواہشات کی قربانی یہاں تک کہ قرآن مجید کی یہ آیت ہمارا نغمہ بن جائے : ’’کہو، میری نماز، میرے تمام مراسِم عبودیت، میرا جینا اور میرا مرنا، سب کچھ اللہ رب العالمین کے لیے ہے‘‘ (الانعام:۱۶۲)

(۷)  امت مسلمہ کا مشن، غلبۂ دین ۔

  قرآن مجیدکے ان مذکورہ مقامات کا لب لباب یہ ہے جس طرح انبیاء علیہم السلام، اللہ کے دین کو قائم کرنے کے لیے بھیجے جاتے رہے ،اسی طرح اب امت مسلمہ بھی اللہ کے دین کو دنیا میں قائم کرنے اور اسے غالب کرنے والی بن جائے۔ چنانچہ جہاں رمضان کی آیتوں میں قتال کا تذکرہ کیا گیاوہیں اس کی غرض و غایت بھی بیان کردی کہ اللہ کا دین قوت اور اقتدار چاہتا ہے ، غلبہ و سربلندی چاہتا ہے، جس کے لیے اللہ کے رسول ؐاور صحابہؓ نے بھی جدوجہد کی تھی۔قرآن میں کہا گیا: ’’تم ان سے لڑتے رہو یہاں تک کہ فتنہ باقی نہ رہے اور دین اللہ کے لیے ہو جائے۔‘‘ (البقرہ: ۱۹۳)۔ قربانی سے متعلق آیات کے بعد کہا گیا: ’’اللہ ضرور اْن لوگوں کی مدد کرے گا جو اس کی مدد کریں گے۔ اللہ بڑا طاقتور اور زبر دست ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اگر ہم زمین میں اقتدار بخشیں تو وہ نماز قائم کریں گے، زکوٰۃ دیں گے، معرْوف کا حکم دیں گے اور مْنکَر سے منع کریں گے۔ اور تمام معاملات کا انجامِ کار اللہ کے ہاتھ میں ہے‘‘ (الحج: ۴۰۔۴۱)۔ اس طرح قرآن نے دو ٹوک انداز میں یہ پیغام پیش کردیا ہے کہ یہ روزہ کی مشق اور یہ حج اور قربانی کا فلسفہ سب اسی بڑے کام کے لیے مسلمانوں کو تیار کرتے ہیں کہ اللہ کادین دنیا میں غالب ہواور اللہ کی حقیقی کبریائی دنیا میں قائم ہو۔ ہندوستان میں اسلام کی سربلندی کا طریقہ یہ ہے کہ ہم مسلمان اسلام پر عمل پیرا ہوں ، اپنے برادران وطن سے برادرانہ تعلقات قائم کریں ، انہیں اللہ کے دین سے روشناس کرائیں ، اسلام کی طرف انہیں دعوت دیں ۔ اسلام کی حقانیت باشندگان ملک کے روبرو ثابت کریں ۔ ملک کے عوام کو اسلام کی حیات بخش تعلیمات قبول کرنے کے لیے آمادہ کیا جائے اور اس طرح ایک صالح سماجی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی انقلاب برپا کیاجائے۔ شاعر نے کہا:

میری زندگی کا مقصد، ترے دیں کی سرفرازی

میں اسی لیے مسلماں ، میں اسی لیے نمازی

  اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو دین کا فہم اور شعور عطافرمائے۔دنیا بھر کے تمام حاجیوں کے حج کو اللہ قبول فرمائے ۔ عید قرباں کے موقع پر دی جانے والی قربانیوں کو قبول فرمائے اور ان سب مراسم کے ذریعے ہمارے اندر تقویٰ اور شکرگزاری کا جذبہ پیدا فرمائے، دین اسلام کے لیے جدوجہد کرنے، اس کے لیے ہر طرح کی قربانیاں دینے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

Popular Categories

spot_imgspot_img