اتوار, مئی ۱۱, ۲۰۲۵
14 C
Srinagar

جنوبی کشمیر میں پے درپے مسلح حملے

سابق سرپنچ ہر پورہ شوپیان ہلاک اور دو سیاح شدید زخمی

شاہ ہلال

اننت ناگ، شوپیان: شمالی کشمیر کے پارلیمانی حلقہ بارہمولہ میں ووٹنگ سے ایک روز قبل جنوبی کشمیر میں پے درپے مسلح حملوں میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد شدید زخمی ہوئے، جن میں دو سیاح شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ راجستھان کے جے پور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور اس کا شوہر ہفتہ کی شب اننت ناگ ضلع کے ینار علاقے میں بندوق برداروں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

سماجی رابطہ گاہ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں، کشمیر زون پولیس کے ترجمان نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمیوں کی شناخت فرہا اور اس کے شوہر تبریز ساکنہ جے پور راجستھان کے طور پر ہوئی ہے۔

ترجمان نے کہا "دہشت گرد نے ینار اننت ناگ میں ایک خاتون فرہا اور اسکے شریک حیات تبریز ساکنہ جے پور پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔”

اس حملے کے بعد ایک اور حملے کی اطلاع موصول ہوئی ۔

ایک اور عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک سابق سرپنچ کو ملی ٹنٹوں نے ہفتہ کی شب جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع کے ہرپورہ علاقے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ آج شام عسکریت پسندوں نے سابق سرپنچ اعجاز احمد شیخ پر قریب سے فائرنگ کی۔

اسے فوری علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس دوران حملہ آوروں کو تلاش کر نے کی غرض سے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔

ادھر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ان حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر لکھا "جب کہ ہم آج پہلگام میں ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں دو سیاح زخمی ہوئے اور اس کے بعد شوپیاں کے ہرپورہ میں ایک سرپنچ پر ایک اور حملہ ہوا – ان حملوں کا وقت اس وجہ سے کہ جنوبی کشمیر میں انتخابات میں بغیر کسی وجہ کے تاخیر ہوئی،خاص طور پر حکومت ہند کے ذریعہ کئے گئے نارملسی کے دعووں کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ باعث تشویش ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی حملوں کی مذمت کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img