نئی دہلی:پورے شمالی ہندوستان میں چلچلاتی گرمی اور شدید گرم لہر نے نہ صرف لوگوں کو پریشان کر دیا ہے بلکہ زندگی کو بھی درہم برہم کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے دہلی سمیت جن نو ریاستوں میں آئندہ پانچ دنوں تک گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں راجستھان، پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، مدھیہ پردیش، گجرات، بہار اور مغربی بنگال شامل ہیں۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) نے ہفتہ کی سہ پہر کو ایک نیوز بلیٹن جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں اگلے پانچ دنوں کے دوران گرمی کی شدید لہر جاری رہے گی۔
اگلے تین دنوں کے دوران مشرقی وسطی ہندوستان میں گرمی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔ جنوبی ہندوستان میں 23 مئی تک موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 19-21 مئی کے دوران شدید بارش کی بھی توقع ہے۔
دریں اثنا، یہ راحت کی بات ہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جنوب مغربی مانسون 19 مئی کے آس پاس بحیرہ جنوبی انڈمان، جنوب مشرقی خلیج بنگال کے کچھ حصوں اور نکوبار جزائر میں آگے بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے راجستھان، پنجاب، ہریانہ، پنجاب، چندی گڑھ، دہلی، مغربی اتر پردیش، مشرقی اتر پردیش، اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش، بہار اور گجرات کے کچھ حصوں میں شدید گرم لہر کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ نے اڈیشہ کے مختلف علاقوں میں گرمی کی لہر کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
جمعہ کو مذکورہ ریاستوں کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 43 سے 46 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ آگرہ، اتر پردیش میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.9 ڈگری تک پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ آج اڈیشہ، جھارکھنڈ، گوا، آسام اور تریپورہ میں بھی شدید گرمی کی پیشین گوئی جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے اگلے پانچ دنوں تک تمل ناڈو، کیرالہ اور پڈوچیری میں شدید بارشیں ہوں گی۔ اس کے ساتھ ہی کرناٹک میں دو دن کے بعد یعنی 20 مئی سے زبردست بارش کا امکان ہے۔
جمعہ کو بھی تمل ناڈو میں شدید بارش ہوئی۔ جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تمل ناڈو اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیم نے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ٹیم جمعہ کی دیر رات چنئی سے ترونیل ویلی پہنچی۔ ضلع کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
تمل ناڈو میں موسلادھار بارش کی وجہ سے تروپور ضلع میں ترومورتی پہاڑیوں پر واقع امانلنگیشور مندر میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس کے بعد عقیدت مندوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔
تمل ناڈو میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے تروپور ضلع میں ترومورتی پہاڑیوں پر واقع امانلنگیشور مندر میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ اس کے بعد عقیدت مندوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔
آئی ایم ڈی نے کیرالہ کے ملاپورم اور وائناد اضلاع میں بارش کا ‘اورنج الرٹ’ جاری کیا اور 18 اور 20 مئی کے درمیان آٹھ دیگر اضلاع میں بارش کا ‘یلو الرٹ’ جاری کیا۔ لوگوں کو 21 مئی تک سمندر سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تیز آندھی اور طوفان کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی نے 17 اور 21 مئی کے درمیان کرناٹک کے شیوموگا، چکمگلورو، کوڈاگو، ہاسن، میسور، منڈیا، چامراج نگر، اُڈوپی اور جنوبی کنڑ اضلاع میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ہفتہ کو، کوڈاگو، ہاسن، میسور، منڈیا اور تموکورو اضلاع میں 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلنے کا امکان ہے۔