جمعرات, ستمبر 3, 2026
25.2 C
Srinagar

 وندے بھارت ایکسپریس کا اننت ناگ میں آزمائشی اسٹاپ منظور،سروس ستمبر کے آخر تک شروع ہونے کا امکان

اننت ناگ، 3 ستمبر: وزارتِ ریلوے نے جموں توی-سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کے اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر آزمائشی طور پر رکنے کی منظوری دے دی ہے۔

ریلوے بورڈ کی جانب سے جاری ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جموں توی-سرینگر وندے بھارت ایکسپریس کو اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر اسٹاپ فراہم کیا جائے گا۔

ریلوے بورڈ نے ہدایت دی ہے کہ ضروری سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط یہ اسٹاپ "جلد از جلد موزوں تاریخ” سے شروع کیا جائے۔ بورڈ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اننت ناگ اسٹیشن پر ٹکٹوں کی فروخت کی قریبی نگرانی کی جائے تاکہ اس اسٹاپ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے: "وسیع تشہیر کریں، عمل درآمد یقینی بنائیں اور تصدیق کریں۔”

اس اقدام سے اننت ناگ اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کے لیے ریل رابطے میں بہتری آنے کی توقع ہے۔ اس سے جموں و کشمیر کے درمیان سفر کرنے والے سیاحوں، تاجروں، طلبہ اور دیگر مسافروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

ابتدائی طور پر یہ اسٹاپ آزمائشی بنیادوں پر ہوگا۔ اس دوران مسافروں کے ردعمل اور ٹکٹوں کی فروخت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد اس اسٹاپ کو جاری رکھنے یا نہ رکھنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

ریلوے ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ میں یہ اسٹاپ ستمبر کے آخر تک فعال ہونے کا امکان ہے۔ تاہم، سروس شروع ہونے کی حتمی تاریخ اور اننت ناگ اسٹیشن پر ٹرین کی آمد و روانگی کے اوقات کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

(کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img