آئی ایم ڈی نے ہفتہ کی صبح جاری اپنے موسم سے متعلق بلیٹن میں 17 سے 20 اکتوبر کے درمیان تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں، جبکہ 17 اکتوبر کو جنوبی اندرونی کرناٹک میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
موسم کی پیش گوئی کے مطابق 17 سے 23 اکتوبر تک کیرالہ اور ماہے میں، 17 سے 19 اکتوبر تک ساحلی کرناٹک میں، 18 سے 23 اکتوبر تک جنوبی اندرونی کرناٹک میں اور 20 سے 23 اکتوبر تک لکشدیپ میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما میں 17 اور 18 اکتوبر کو شدید بارش ہو سکتی ہے، جبکہ 21 سے 23 اکتوبر کے دوران تمل ناڈو، پڈوچیری اور کارائیکل میں بعض مقامات پر شدید بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، 17 سے 22 اکتوبر کے درمیان ساحلی کرناٹک، کیرالہ، ماہے، لکشدیپ، جنوبی اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں تیز سے لے کر بہت تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں 17 سے 22 اکتوبر کے دوران آندھی طوفان کے ساتھ بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جن کی رفتار کبھی کبھی 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما میں بھی 17 اور 18 اکتوبر کو اسی طرح کے حالات رہنے کی امید ہے۔ ان دنوں کیرالہ، کرناٹک اور تلنگانہ میں بھی آندھی طوفان آسکتا ہے، جس کے دوران ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے اور کبھی کبھی یہ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، موجودہ موسمی حالات کے پیچھے بالائی فضا میں بننے والے کئی نظام ہیں۔ ان میں شمالی تمل ناڈو اور اس سے ملحق جنوبی ساحلی آندھرا پردیش کے اوپر بنا ایک گردابی نظام شامل ہے، جو سمندر کی سطح سے 5.8 کلومیٹر کی بلندی تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ شمالی لکشدیپ کے اوپر بھی ایک گردابی نظام بنا ہوا ہے اور شمالی کیرالہ، جنوبی اندرونی کرناٹک اور شمالی تمل ناڈو سے گزرتے ہوئے مغرب وسطی خلیج بنگال کی جانب ایک کم دباؤ کا خطہ بھی پھیلا ہوا ہے۔
محکمہ کے مطابق، کیرالہ کے کنور میں 16 اکتوبر کی صبح 8:30 بجے سے 17 اکتوبر کی صبح 5:30 بجے کے درمیان 15 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پڈوچیری میں 10 سینٹی میٹر بارش ہوئی، جبکہ چنئی کی ننگم باکم رصدگاہ اور منگلورو کے باجپے ہوائی اڈے پر 7، 7 سینٹی میٹر بارش درج کی گئی۔ کیرالہ اور ماہے میں بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش ہوئی۔ وہیں ساحلی کرناٹک کے زیادہ تر علاقوں میں شدید بارش ہوئی، جبکہ تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل کے کچھ علاقوں میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
آئی ایم ڈی نے شمال مغربی ہندوستان میں 17 اور 18 اکتوبر اور 21 اور 22 اکتوبر کو جموں و کشمیر اور لداخ میں بعض مقامات پر بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ اتراکھنڈ میں 17 اور 18 اکتوبر کو کچھ مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
17 اکتوبر کو مشرقی راجستھان میں بھی بعض مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ تاہم، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور ہماچل پردیش میں 17 سے 23 اکتوبر تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، شمالی پنجاب اور آس پاس کے علاقوں میں سمندر کی سطح سے 3.1 سے 4.5 کلومیٹر کی بلندی پر ایک گردابی نظام کی شکل میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ موجود ہے۔
شمالی ہریانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بھی سمندر کی سطح سے 3.1 کلومیٹر کی بلندی تک ایک گردابی نظام بنا ہوا ہے۔ ان نظاموں کے باوجود، اگلے 7 دنوں کی بارش سے متعلق پیش گوئی کے مطابق پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں موسم خشک رہے گا۔
آئی ایم ڈی نے بتایا کہ گجرات کے راجکوٹ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو بلیٹن میں شامل اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ ہماچل پردیش کے منڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 13.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ہندوستان کے میدانی علاقوں میں سب سے کم کم سے کم درجہ حرارت ہے۔

کونکن اور گوا میں 17 اکتوبر کو موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش اور آندھی طوفان کے سبب بعض مقامات پر پانی جمع ہو سکتا ہے، نشیبی علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے، کھڑی فصلوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور سڑک و ریل ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بجلی کڑکنے کے دوران درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں، ڈھیلی پڑی اشیا کو محفوظ رکھیں اور موسم خراب ہونے کی صورت میں محتاط رہیں۔
تمل ناڈو، کیرالہ، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیتوں میں پانی کی نکاسی کا مناسب انتظام کریں اور کٹی ہوئی فصل کو شدید بارش سے محفوظ رکھیں۔
یو این آئی




