جموں،؍ بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے بدھ کے روز جموں و کشمیر اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔احتجاجی اراکین اسمبلی نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور وزیر اعلیٰ سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔
احتجاجی اراکین ‘تانا شاہی نہیں چلے گی، ‘وزیر اعلیٰ ہائوس میں آئو، وزیر اعلیٰ معافی مانگو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے باہر میڈیا کو بتایا کہ جب تک وزیر اعلیٰ اپنے الفاظ واپس نہیں لیتے ہیں اور غیر مشروط معافی نہیں مانگتے ہیں تب تک ہم احتجاج جاری رکھیں گے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ کے الفاظ کو ‘نا شائستہ’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘یہ الفاظ ایوان کے تقدس اور آئینی اصولوں کو نظر انداز کرنے کی عکاسی کرتے ہیں’۔
مسٹر شرما نے حکمراں پارٹی کے ارکان پر اشاروں کا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کا مذاق اڑانے کا الزام بھی لگایا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ایوان میں بحث کی سطح کو مزید کم کردیا ہے۔





