جموں،: جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ نے عمر عبداللہ کا کہنا ہے ک ان کی جو باتیں بی جے پی کے اراکین اسمبلی کو بری لگی ہیں انہیں ان پر افسوس ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا: ‘میں نے جو بھی کہا وہ بی جی پی کے اراکین اسمبلی کے بارے میں کہا ان کے اہلخانہ کے بارے میں نہیں کہا’۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ کے مبینہ ریمارکس پر اسمبلی سے واک آئوٹ کیا اور وزیر اعلیٰ سے غیر مشروط معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس کے جواب میں اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا: ‘اگر مجھے کل ہی اس وقت انہوں نے (بی جے پی ارکان اسمبلی نے) بولنے کا موقع دیا ہوتا تو میں اسی وقت اپنی بات کو واپس لے لیتا، میں نے اپنی بات کی وضاحت کے لئے ایک منٹ مانگا تھا لیکن قائد حزب اختلاف راضی نہیں تھے’۔
انہوں نے کہا: ‘جذبات میں آکر باتیں کہی جاتی ہیں،میں نے جو کہا وہ ان (بی جے پی) کو برا لگا ہے مجھے اس پر افسوس ہے، لیکن میں نے یہ بی جے پی کے ارکان اسمبلی کے بارے میں کہا، ان کے اہلخانہ کے بارے میں نہیں کہا’۔
وزیر اعلیٰ نے کہا: ‘مجھے جتنی فکر اپنے ارکان اسمبلی کی ہے اتنی ہی فکر بی جے پی کے قانون سازوں کی بھی ہے’۔





