فلپائن: فلپائن کے باسیلان صوبے میں مسافر-مال بردار جہاز ’تریشا کرسٹن 3″ کے ڈوبنے سے کم از کم 52 افراد کی موت ہو گئی ہے، فلپائنی کوسٹ گارڈ (پی سی جی) نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
پی سی جی نے تکنیکی غوطہ خور ٹیموں کی جاری کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ غوطہ خوروں نے منگل کی صبح بالُک-بالُک جزیرے کے قریب تلاش اور بچاؤ آپریشن کے دوران ایک اور لاش برآمد کی، جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 52 ہوگئی ہے۔ مجموعی طور پر 316 افراد کو بچا لیا گیا، جبکہ ریسکیو ٹیمیں باقی متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔
یہ جہاز 26 جنوری کی رات باسیلان سے تقریباً ایک سمندری میل کے فاصلے پر ڈوب گیا تھا، جس میں 332 مسافر اور عملے کے 27 ارکان سوار تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی تھی۔کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا، "تقریباً صبح 7 بجے، پی سی جی تکنیکی غوطہ خوروں نے ملبے کی جگہ پر کام شروع کیا۔ پندرہ منٹ بعد، غوطہ خور ٹیم نے ڈوبے ہوئے جہاز سے ایک خاتون کی لاش برآمد کی۔” لاش کو پی سی جی کے جہاز بی آر پی میلچورا ایکوینو کے ذریعہ نکالا گیا۔
تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں ابھی بھی جاری ہیں کیونکہ حکام فیری میں سوار تمام مسافروں اور عملے کو تلاش میں مصروف ہیں۔
یواین آئی





