جموں،:منشیات کے خلاف کارروائیوں کو تواتر کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے دو سخت گیر بین ضلعی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور کی ایک ٹیم نے ڈومیل میں ناکے کے دوران دو افراد کو مشتبہ حالت میں قومی شاہراہ کی طرف آتے ہوئے دیکھا جنہوں نے پولیس کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کو دھر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پوچھ تاچھ کے دوران انہوں نے اپنی شناخت شمشیرسنگھ ولد شب دیو سنگھ ساکن چانگ ضلع سانبہ اور آدتیہ کمار ولد وجے کمار ساکن جو رین اکھنور جموں کے طور پر ظاہر کی۔
ان کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران شمشیر کی تحویل سے 4.41 گرام ہیروئن جبکہ آدتیہ کمار کے قبضے سے 1.57 گرام ہیروئن بر آمد کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن اودھم پور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر43/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اودھم پور پولیس منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔





