جموں: امریکہ کی جانب سے وینزویلا کے خلاف کی جانے والی مبینہ جارحانہ پالیسیوں کے خلاف سیاسی حلقوں میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ اسی تناظر میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) نے منگل کے روز یہاں مہاراجہ ہری سنگھ پارک میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی اقدامات کی سخت مذمت کی۔
مظاہرین نے امریکہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور احتجاج میں پارٹی کارکنوں اور دیگر لوگوں کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے میڈیا کو بتایا: ‘جیسا کہ دنیا جانتی ہے کہ امریکہ نے ایک خود مختار ملک وینز ویلا کے خلاف کھلی جارحیت کا اعلان کیا ہے، یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے بلکہ ہمارے نزدیک ایک بین الاقوامی سطح کا واقعہ ہے جو حالیہ تاریخ میں شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘ایک خود مختار ملک میں صرف اسی ملک کے صدر کو اختیار حاصل ہوتا ہے، یہ کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘امریکہ کا یہ دعویٰ کہ وہاں ڈرگ ٹریفنکنگ کا خطرہ تھا ایک ایسی دلیل ہے جس کو دنیا نے رد کیا ہے’۔





