جمعرات, جنوری ۸, ۲۰۲۶
5.5 C
Srinagar

کشمیر میں 22 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں

سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 22 جنوری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم وادی میں اگلے کچھ دنوں کے دوران شبانہ سردیوں میں اضافہ متوقع ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 7 سے 15 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں 16 اور 17 جنوری کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ وادی میں کہیں کہیں ہلکی بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 20 جنوری کو بھی موسم مجموعی طور پر ابر آلودہ رہ سکتا ہے اور اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 21 اور 22 جنوری کو موسم جزوی ابر آلود مگر مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ وادی میں 10 جنوری تک شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ کا امکان ہے جس کے بعد درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ کی بہتری متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں آئندہ پانچ دنوں کے دوران درمیانی درجے کی دھند جبکہ کچھ علاقوں میں شدید دھند بر قرار رہنے کا امکان ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی میں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں بر سر اقتدار ہے جو 21 دسمبر سے شروع ہوا اور 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img